نیشنل

یوگی آدتیہ ناتھ کی ماں پر نازیبا بیان، مولانا گرفتار، جیل منتقل – عدالت میں پیشی سے قبل معافی بھی مانگ لی

بہرائچ: اتر پردیش پولیس نے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کی ماں کے خلاف نازیبا تبصرہ کرنے کے الزام میں مولانا عبداللہ سلیم قاسمی عرف چترویدی کو گرفتار کر لیا ہے۔ انہیں بہار سے حراست میں لے کر بہرائچ لایا گیا، جہاں عدالت نے انہیں عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا۔

 

پولیس کے مطابق مولانا کو یوپی ایس ٹی ایف نے پیر کی شام بہار کے پورنیہ سے گرفتار کیا اور رات میں بہرائچ منتقل کیا۔ سرکل آفیسر نارائن دت مشرا نے بتایا کہ مئی 2024 کے ایک پروگرام سے متعلق ان کی متنازعہ تقریر کی ویڈیو حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں مبینہ طور پر چیف منسٹر کی ماں کے خلاف قابل اعتراض زبان استعمال کی گئی، جس کے بعد مختلف مقامات پر احتجاج شروع ہو گیا۔

 

پولیس نے مولانا کے خلاف بی این ایس کی دفعات 196، 299 اور 353 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ یہ ایف آئی آر 8 مارچ کو کوتووالی نگر تھانے میں وشو ہندو پریشد کے ضلعی کنوینر اور وکیل اجیت پرتاپ سنگھ کی شکایت پر درج کی گئی تھی۔

 

پولیس کے مطابق بہرائچ لانے کے بعد مولانا سے پوچھ تاچھ کی گئی اور منگل کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انھیں جیل بھیج دیا گیا۔ پوچھ تاچھ کے دوران مولانا نے اپنے بیان کو تسلیم کرتے ہوئے معافی بھی مانگی۔

 

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں مولانا کو اپنی غلطی قبول کرتے اور معافی مانگتے دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 مئی 2024 کو بہار کے بھاگلپور میں ایک پروگرام کے دوران انہوں نے نامناسب بات کہی تھی، جس پر وہ دل سے معذرت خواہ ہیں اور آئندہ ایسی غلطی نہیں دہرائیں گے۔

 

اس معاملے پر ریاست کے مختلف اضلاع میں احتجاجی مظاہرے ہوئے، جبکہ کئی مقامات پر شکایات بھی درج کرائی گئیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button