آدھار سنٹر جانے کی جھنجھٹ ختم – موبائل سے ہی نمبر، پتہ اور شناخت اپڈیٹ کرنے والی نئی سرکاری ایپ لانچ

حیدرآباد _ 28 جنوری ( اردولیکس ڈیسک) کیا آپ اپنے آدھار کارڈ میں موبائل نمبر یا دیگر تفصیلات تبدیل کروانا چاہتے ہیں، مگر آدھار سنٹر جانے کے لئے وقت نہ ہونے کی وجہ سے پریشان ہیں؟ تو یہ خوشخبری آپ ہی کے لئے ہے۔ مرکزی حکومت نے ایک نئی آدھار ایپ لانچ کر دی ہے۔
یو آئی ڈی اے آئی (UIDAI) کی جانب سے متعارف کرائی گئی اس نئی ایپ کے ذریعہ آدھار سے متعلق خدمات اب مزید آسان ہو گئی ہیں۔ شہری گھر بیٹھے، وہ بھی صرف موبائل فون کے ذریعہ آدھار سے جڑی تمام سہولتوں کو مینیج کر سکتے ہیں۔
شہریوں کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی اس ایپ کے ذریعہ آدھار نمبر یا بایومیٹرک ڈیٹا شیئر کئے بغیر ہی شناخت کی تصدیق ممکن ہوگی۔ اس ایپ کی مدد سے موبائل نمبر اور پتہ (ایڈریس) کی تفصیلات تبدیل کی جا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ فزیکل آدھار کارڈ دیے بغیر ضروری معلومات شیئر کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔
خاص بات یہ ہے کہ اس ایپ میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد تک کے پروفائل بنا کر انہیں مینیج کیا جا سکتا ہے۔
ایپ ڈاؤن لوڈ اور ویریفکیشن کا طریقہ:
گوگل پلے اسٹور یا ایپل ایپ اسٹور سے آدھار ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
ایپ انسٹال کرنے کے بعد شناختی ویریفکیشن ضروری ہوگی، جو انٹرنیٹ کے بغیر اور ذاتی معلومات شیئر کیے بغیر بھی مکمل کی جا سکتی ہے۔
آف لائن آدھار ویریفکیشن کے دو طریقے دستیاب ہیں:
1. شیئر آئی ڈی طریقہ: پاس ورڈ سے محفوظ آدھار فائل کے ذریعے صرف ضروری معلومات درج کر کے ویریفکیشن مکمل کی جا سکتی ہے۔
2. کیو آر کوڈ طریقہ: کیو آر کوڈ اسکین کر کے شناخت کی تصدیق کی جا سکتی ہے۔
ویریفکیشن مکمل ہونے کے بعد صارفین اپنی ضرورت کے مطابق اس ایپ کی تمام سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔



