صبح صبح ایران نے اسرائیل پر میزائلوں کی بارش کردی – جانی نقصان کم مالی نقصان زیادہ
ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ نئے موڑ اختیار کر رہی ہے۔ بدھ کی علی الصبح ایران کی جانب سے داغے گئے بھاری بیلسٹک میزائل حملوں میں وسطی اسرائیل میں دو شہری ہلاک ہوگئے۔ اس حملے کی تصدیق اسرائیلی دفاعی افواج (IDF) اور ہنگامی خدمات کے ادارے (MDA) نے کی ہے۔
اسرائیلی وقت کے مطابق بدھ کی صبح سویرے ایران نے میزائلوں کی بارش کردی۔ میزائل کے ٹکڑے گرنے سے بنی براک علاقے میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کہیں میزائل کے ٹکڑے نظر آئیں تو انہیں ہاتھ نہ لگائیں اور فوراً سیکیورٹی اہلکاروں کو اطلاع دیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے منگل کے روز ایران کے اعلیٰ سطحی سیکیورٹی عہدیدار علی لاریجانی کو ہلاک کردیا تھا۔ اسی کے ردعمل میں ایران کی انقلابی گارڈز (IRGC) نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے "کلسٹر وار ہیڈ” میزائل داغے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ حملے اسرائیل کے میزائل دفاعی نظام کو تباہ کرنے کے مقصد سے کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب، مغربی ایشیا میں جاری جنگ کے 18ویں دن منگل کو اسرائیلی حملوں میں ایران کے اعلیٰ فوجی افسر علی لاریجانی اور اسلامی انقلابی گارڈ سے وابستہ بسیج ملیشیا کے سربراہ جنرل غلام رضا سالمی بھی مارے گئے۔ یہ بات اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے بتائی۔
میزائل حملوں کے پیش نظر اسرائیل کے ہوم فرنٹ کمانڈ نے شہریوں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ سائرن بجتے ہی محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کو کہا گیا ہے۔ اسرائیلی دفاعی افواج کے مطابق ایران کے کئی میزائلوں کو فضا میں ہی ناکام بنا دیا گیا۔
ادھر آبنائے ہرمز کے قریب ایران کے میزائل مراکز پر امریکی افواج نے 5000 پاؤنڈ کے بنکر بسٹر بموں سے حملے کیے ہیں، جس کی تصدیق یو ایس سینٹرل کمانڈ نے کی ہے۔



