بی جے پی کے دو ارکان پارلیمنٹ کی سپریم کورٹ پر تنقید،پارٹی نے خود کو الگ کر لیا

نئی دہلی ۔ بھارتیہ جنتاپارٹی نے سپریم کورٹ اور چیف جسٹس آف انڈیا پر پارٹی کے پارلیمانی ارکان نشیکانت دوبے اور دنیش شرما کے متنازعہ بیانات کو قطعی طور پر مسترد کردیاہے اور خود کو ان بیانات سے الگ رکھا ہے۔
دونوں این پیز کو اس طرح کے بیانات سے گریز کرنے کیلئے بھی کہاگیا ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا نے کہاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی کا اس بیان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شخصی بیانات ہیں اور بی جے پی نہ ہی ان بیانات سے اتفاق کرتی ہے اور نہ ہی ایسے بیانات کی حمایت کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی نے ہمیشہ ہی عدلیہ کا احترام کیاہے اور اس کے احکامات اور تجویزوں کو بخوشی قبول کیاہے۔ نڈا نے مزید کہا کہ پارٹی اس بات میں یقین رکھتی ہے کہ ملک کی سبھی عدالتیں ہماری جمہوریت کا اٹوٹ حصہ ہیں اور آئین کے تحفظ کے مضبوط ستون ہیں۔