آتشبازی پر دل کے مریض کا اعتراض۔ نوجوانوں نے پیٹ پیٹ کر کردیا قتل

نئی دہلی: ریاست ہریانہ کے فرید آباد کے سیکٹر 18 علاقپ میں آتشبازی کے مسلہ پر ہوئے جھگڑے میں ایک شخص کا پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا۔ مرحوم کی عمر تقریباً 65 سال تھی۔پولیس کو دی گئی شکایت میں متوفی کے بیٹے ونود رائے نے بتایا کہ وہ اپنے والد کے ساتھ سیکٹر 18 میں رہتا تھا۔
دیوالی کی رات وہ ہنگامہ سن کر پونے ایک بجے کے قریب بیدار ہوا۔ اس نے دیکھا کہ پڑوسی دھیرج اور اس کے دوست اس کے والد بچن رائے کو مار رہے ہیں۔ اس کے بعد اس نے کسی طرح اپنے والد کو بچا یا۔جھگڑے کے بارے میں پوچھنے پر معلوم ہوا کہ پڑوسی دھیرج اور اس کے دوست رات 12.30 بجے اس کے گھر کے باہر پٹاخے چھوڑ رہےتھے۔ اس سے تیز آواز اور دھواں نکل رہا تھا۔
اس کے والد دل کے مریض تھے، اس لیے انھوں نے دھیرج اور اس کے دوستوں کو آتشبازی سے روکا تھا جس پر ناراض دھیرج اور اس کے دوستوں نے اس کے والد کو اکیلا دیکھ کر ان پر حملہ کردیا۔ فرید آباد پولیس کے پی آر او یشپال سنگھ نے بتایا کہ اس معاملے میں دھیرج سمیت تمام ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔