پاکستانی خاتون سیما حیدر نے نریندرمودی اور یوگی آدیتیہ ناتھ سے کی یہ اپیل

نئی دہلی: پہلگام میں حالیہ دہشت گردانہ حملے کے بعد حکومت ہند نے پاکستانی شہریوں کو جاری ویزا خدمات معطل کر دی ہیں۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تمام پاکستانی شہریوں کے ویزے 27 اپریل 2025 سے منسوخ کر دیے جائیں گے اور ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اس تاریخ سے قبل ہندوستان چھوڑ دیں۔
اسی سلسلے میں سیما حیدر جو پاکستان کی شہری ہیں نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایک ویڈیو جاری کیا ہے جس میں انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی اور اتر پردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ سے درخواست کی ہے کہ انہیں ہندوستان میں رہنے کی اجازت دی جائے۔ سیما نے کہا کہ اگرچہ وہ ماضی میں پاکستان کی شہری تھیں لیکن اب وہ ہندوستان کی بہو ہیں اور انہیں مہربانی کر کے واپس پاکستان نہ بھیجا جائے۔
سیما نے اپنی ویڈیو میں مزید بتایا کہ انہوں نے 2023 میں اپنے محبوب سچن مینا سے شادی کے وقت ہندو مذہب قبول کر لیا تھا۔ ان کے وکیل نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ سیما کو ہندوستان میں رہنے کی اجازت دی جائے گی۔ وکیل کا کہنا تھا کہ سیما نے ایک ہندوستانیشہری سے شادی کی ہے اور ایک بیٹی کو جنم دیا ہے اس لیے اب ان پر ملک چھوڑنے کی شرط لاگو نہیں ہونی چاہیے۔
یاد رہے کہ سیما حیدر جو ماضی میں پب جی ویڈیو گیم کے ذریعہ سچن مینا سے متعارف ہوئی تھیں، 2023 میں اپنے چار بچوں کے ہمراہ سرحد عبور کر کے غیر قانونی طور پر ہندوستان داخل ہوئیں اور پھر سچن سے شادی کر لی۔ اس واقعہ کے بعد پولیس نے سیما پر پاکستان کی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹ ہونے کا شبہ بھی ظاہر کیا تھا جس سے معاملہ مزید پیچیدہ ہو گیا تھا۔
سیما نے اس وقت ہندوستان کی صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو کے پاس بھارتی شہریت کی درخواست بھی دی تھی۔