کویتا نے 25 ایمبیسیڈر کاروں کے قافلے کو جھنڈی دکھا کر ایلکاتورتی روانہ کیا

*بی آر ایس کے سلور جوبلی جشن کے لئے شاندار انتظامات*
کے کویتا نے 25 ایمبیسیڈر کاروں کے قافلے کو جھنڈی دکھا کر ایلکاتورتی روانہ کیا
*25 سالہ طویل سفر،جدوجہد، فتوحات اور عوامی خدمات کے خصوص میں اختراعی اقدام*
حیدرآباد: بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کی سلور جوبلی کی خوشی و مسرت میں منعقد شدنی عظیم الشان اور تاریخی جلسہ عام کی تیاریاں بام عروج پر ہیں۔ اس سلسلہ میں آج رکن قانون ساز کونسل بی آر ایس کلواکنٹلہ کویتا نے حیدرآباد میں اپنی قیام گاہ سے 25 ایمبیسیڈر کاروں پر مشتمل قافلہ کو جھنڈی دکھا کر ضلع ورنگل کے ایلکا ترتی کو روانہ کیا۔یہ 25 کاریں بی آر ایس کی پچیس سالہ جدوجہد، فتوحات اور عوامی خدمات کے تاریخی سفر کی نمائندگی کرتی ہیں۔ قافلہ کی روانگی کے موقع پر کویتا نے بی آر ایس لیڈر روی یادو کی اختراعی ،انوکھی اور بامعنی پہل پر انہیں دلی مبارکباد پیش کی اور شکریہ ادا کیا۔بی آر ایس کی سلور جوبلی کا مرکزی جشن 27 اپریل اتوار کو ایلکا ترتی میں منعقد ہوگا۔ پارٹی کے سربراہ و سابق وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ (کے سی آر) کا ولولہ انگیز اور تاریخی خطاب ہوگا۔یہ عظیم الشان جلسہ نہ صرف تلنگانہ کی تشکیل، ریاست کی ہمہ جہت ترقی اور عوامی بہبود میں بی آر ایس کی خدمات کا جشن ہوگا بلکہ پارٹی کی آئندہ حکمت عملی کا خاکہ بھی پیش کرے گا۔ لاکھوں کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے، یہ جلسہ تاریخ ساز رہے گا۔