پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں پھر اضافہ
حیدراباد: ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا گیا ہے۔ سرکاری تیل کمپنیوں نے پٹرول کی قیمت میں 87 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 91 پیسے فی لیٹر اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ قابلِ غور بات یہ ہے کہ ہر چار دن بعد ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے۔
مغربی ایشیا میں جاری جغرافیائی و سیاسی کشیدگی اور عالمی منڈی میں خام تیل کی بڑھتی قیمتوں کے سبب سرکاری تیل کمپنیوں پر شدید دباؤ بڑھ گیا ہے۔ اسی وجہ سے رواں ماہ کے دوران تیسری مرتبہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج صبح 6 بجے سے ہوگیا ہے۔
تازہ اضافے کے بعد دہلی میں پٹرول کی قیمت 99.51 روپے، کولکاتا میں 110.64 روپے، ممبئی میں 108.49 روپے اور چنئی میں 105.31 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت دہلی میں 92.49 روپے، کولکاتا میں 97.02 روپے، ممبئی میں 95.02 روپے اور چنئی میں 96.98 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔
حیدرآباد میں بھی ایندھن کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یہاں پٹرول کی قیمت بڑھ کر 112.84 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 100.94 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
دوسری جانب سی این جی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت نے ایک کلو سی این جی پر ایک روپیہ اضافے کا اعلان کیا ہے۔ صرف 10 دنوں کے اندر سی این جی قیمتوں میں یہ تیسرا اضافہ ہے۔




