ایس بی آئی پر سائبر حملہ: 3,897 صارفین کا حساس ڈیٹا چوری ؛ 3لاکھ 75ہزار صارفین متاثر – ڈارک ویب پر اپ لوڈ، بینک کی تصدیق

ایس بی آئی ڈیٹا لیک: ڈارک ویب پر ساڑھے تین لاکھ سے زائد ریکارڈز افشا، بینک نے تحقیقات کا آغاز کر دیا
نئی دہلی: اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے ڈارک ویب پر صارفین کا ڈیٹا لیک ہونے کی تصدیق کی ہے، جس میں ابتدائی اندازے کے مطابق 3 لاکھ 75 ہزار ریکارڈز متاثر ہوئے ہیں اور ان میں 3,897 صارفین کی ذات سے متعلق حساس معلومات شامل ہیں۔ بمبئی اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج کو بھیجی گئی اطلاع کے مطابق، بینک کو 16 اکتوبر کو ڈیفینس سائبر ایجنسی اور انڈین کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (CERT-In) کی جانب سے اس بابت الرٹس موصول ہوئے تھے۔
لیک ہونے والے کوائف میں صارفین کے نام، موبائل نمبر، ای میل، تاریخ پیدائش، رہائشی پتے، برانچ و کسٹمر آئی ڈی اور لون ریکارڈز کی تفصیلات شامل ہیں۔ خبردار کئے جانے کے فوری بعد بینک نے اپنے سائبر سکیورٹی پروٹوکولز فعال کر کے ایک آزاد سائبر ایجنسی کے ذریعے تفصیلی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ ڈیٹا کے ماخذ اور اس کے اثرات کا درست اندازہ لگایا جا سکے
۔ بینک کا کہنا ہے کہ اس واقعہ سے اس کی بنیادی کاروباری سرگرمیوں اور مالیاتی کارکردگی پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے اور تمام نظام معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔



