سید عارف قتل واقعہ کے خلاف مقامی مسلمانوں کا شدید احتجاج

آندھراپردیش کے باپٹلہ ضلع کے چیرالہ ٹاون میں سید آمین عارف کے بہیمانہ قتل کے خلاف مقامی مسلمانوں نے چیرالہ کلاک ٹاور کے پاس زبردست احتجاج منظم کیا اور حملہ آوروں کو فوری گرفتار کرتے ہوئے سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ۔ سینکڑوں مسلمانوں نے کلاک ٹاور کی مین روڈ پر بیٹھ کر دھرنا دیا جس سے ٹریفک جام ہوگئی۔
احتجاجیوں نے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے لگائے۔ جس کے باعث کشیدگی پیدا ہوگئی۔تاہم پولیس کے اعلی عہدیداروں نے احتجاجی افراد کو تیقن دیا کہ وہ حملہ آوروں کو جلد سے جلد گرفتار کریں گے۔
واضح رہے کہ سید عارف کو پانچ نامعلوم نوجوانوں نے منگل کی رات اس وقت چاقووں سے دیوانہ وار حملہ کرتے ہوئے انتہائی بے دردی سے قتل کردیا تھا جب عارف سائیکل پر اپنے ایک دوست کے ساتھ سڑک پر باتیں کرتے ہوئے جا رہے تھے ان کے پیچھے سے آنے والی کار میں سوار نوجوانوں نے سائیڈ نہ دینے کا الزام لگاتے ہوئے سید عارف سے جھگڑا کیا اور چاقووں سے حملہ کرتے ہوئے قتل کردیا تھا