دوسرے مذہب کے نوجوان سے شادی کی ضد جان لیوا ثابت ہوئی، بھائی نے کردیا سر عام بہن کا قتل

نئی دہلی ۔ ریاست اترپردیش کے میرٹھ میں عزت و ناموس کے نام پر قتل کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔محبت کا معاملہ قتل کی وجہ بتائی جارہی ہے۔ یہ واقعہ انچولی تھانہ علاقہ کے نانگلہ شیخو میں پیش آیا۔عمریشہ نامی 16سالہ لڑکی کو اس کے ہی بھائی حسین نے سرعام گلا دبا کر قتل کر دیا۔ امرین دوسرے مذہب سے تعلق رکھنے والے نوجوان موہت سے شادی کرنے پر بضد تھی۔
وہ اس سے پہلے بھی دو بار اس کے ساتھ فرار ہو چکی تھی۔ گھر والے اس کی شادی دوسری جگہ کرنا چاہتے تھے لیکن جب لڑکی نے موہت سے شادی نہ کرنے کی صورت میں زہر کھا کر خودکشی کرنے کی دھمکی دی تو بھائی حسین کا خون کھول اٹھا اور اس نے اپنی حقیقی بہن کو سڑک پر ہی قتل کردیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس مقام واقعہ پر پہنچ گئی اور قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ایس پی رورل کملیش بہادر نے بتایا کہ گھر والے لڑکی کی شادی کا منصوبہ بنا رہے تھے لیکن لڑکی اپنے عاشق سے ہی شادی کرنا چاہتی تھی۔ کل اس بات پر بھائی اور بہن کے درمیان جھگڑا ہوا۔ بھائی نے گلا دبا کر بہن کا قتل کر دیا۔ پولیس نے ملزم بھائی کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق ناگلہ شیخو کا رہنے والا حسین الیکٹریشن کا کام کرتا ہے۔ اس کی چھوٹی بہن عمریشہ کا دوسری برادری کے ایک نوجوان کے ساتھ معاشقہ چل رہا تھا۔ لڑکی اپنے عاشق کے ساتھ دو بار بھاگ چکی تھی حسین اس سے بہت پریشان تھا، پولیس کے مطابق موہت میرٹھ کے سرور پور کا رہنے والا ہے۔ دراصل موہت کی بہن کا ننگلہ شیخو میں سسرال ہے اور موہت یہاں آیا جایا کرتا تھا۔ اس دوران اس کی امریشہ سے دوستی ہو گئی جو افیئر میں بدل گئی۔ دونوں ایک دوسرے سے شادی کرنا چاہتے تھے۔
لڑکی خودکشی کی دھمکی دے رہی تھی
چہارشنبہ ی صبح لڑکی کا پورا خاندان ایک ساتھ بیٹھ کر اس کی شادی کے بارے میں بات کر رہا تھا۔ تب امرین نے کہا کہ وہ موہت کے علاوہ کسی اور سے شادی نہیں کرے گی۔ اس نے کہا کہ اگر گھر والوں نے اصرار کیا اور اس کی شادی کی کوشش کی تو وہ زہر کھا کر خودکشی کر لے گی۔ گھر والوں نے عمریشہ کو سمجھایا کہ ہمارا مذہب الگ ہے اور شادی نہیں ہو سکتی لیکن وہ اپنی بات پر ڈٹی رہی۔بھائی نے پہلے اسے مارا اور پھر زمین پر پٹخ دیا۔
بتایا گیا ہے کہ جب لڑکی گھر والوں کی پسند کے لڑکے سے شادی کیلئے راضی نہیں ہوئی تو اس کا بھائی حسین غصہ میں آگیا۔ پہلے اس نے اپنی بہن کو مارا پیٹا اور گھر سے باہر لے آیا۔ اس کے بعد اس نے اسے دھکا دے کر زمین پر گرادیا۔ جب وہ بے ہوش ہو گئی تو اس نے گلا گھونٹ کر قتل کر دیا اور نعش ایک دکان کے سامنے پھینک دی۔ پولیس نے قاتل بھائی حسین کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم حسین شادی شدہ ہے اور اس کے دو بچے ہیں۔