تلگو دیشم , وقف ایکٹ میں مسلمانوں کے مفادات کے خلاف کسی بھی ترمیم کی حمایت نہیں کرے گی

وجے واڑہ – 4 نومبر ( اردو لیکس) اندھراپردیش میں تلگو دیشم پارٹی کے رکن پارلیمنٹ کے شیوناتھ نے کہا ہے کہ تلگو دیشم وقف ایکٹ میں مسلمانوں کے مفادات کے خلاف کسی بھی ترمیم کی حمایت نہیں کرے گی۔ آندھرا پردیش کے چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو مذہبی ہم آہنگی کے حامی ہیں اور تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں۔ وجئے واڑہ میں منعقدہ وقف تحفظ کانفرنس میں تلگو دیشم کے لیڈران، علماء اور مختلف تنظیموں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔
شیوناتھ نے مسلم طبقہ کو یقین دلایا کہ تلگو دیشم وقف املاک کے تحفظ اور مسلمانوں کے حقوق کی حفاظت کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نائیڈو وقف املاک کے تحفظ کے لئے پابند ہیں۔ تلگو دیشم کے مؤقف کی وجہ سے وقف ترمیمی ایکٹ کو مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کے حوالے کیا گیا تاکہ اس پر مزید غور کیا جا سکے۔
پارٹی کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ، تلگو دیشم نے ہمیشہ مسلم طبقہ کے مفادات کی حمایت کی ہے اور نامناسب پالیسیوں کو رد کیا ہے۔
اس پروگرام میں جماعت اسلامی ہند کے قومی صدر سید سعادت اللہ حسینی، جماعت اسلامی ہند آندھرا پردیش کے صدر عبدالرفیق، ٹی ڈی پی اقلیتی سیل کے جنرل سکریٹری فتح اللہ، ٹی ڈی پی اسٹیٹ آرگنائزنگ سکریٹری ایم ایس۔ بیگ ، کے علاوہ مسلم تنظیموں کے قائدین نے شرکت کی۔