نیشنل

جموں کشمیر میں دہشت گردانہ حملہ 27 ہلاک

نئی دہلی۔ جموں و کشمیر کے پہلگام میں آج ہوئے دہشت گردانہ حملہ نے ایک بار پھر اس جنت نشان کو خون آلود کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس دہشت گردانہ حملے میں 27 افراد ہلاک ہوگئے۔ کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔

 

بتایا جا رہا ہے کہ 2 سے 3 دہشت گردوں نے سیاحوں پر 50 راؤنڈ سے زیادہ فائرنگ کئے ہیں۔پہلگام میں سیاحوں پر ہوئے حملہ کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے سعودی عرب سے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو فون کر اس معاملے میں فوری کارروائی کی ہدایت دی۔ واقعہ کے بعد امت شاہ کی رہائش پر اعلیٰ سطحی میٹنگ بھی ہوئی جس کے بعد وہ پہلگام کے لیے روانہ ہو گئے۔ ساتھ ہی این آئی اے کو اس معاملے کی جانچ کی ہدایت دے دی گئی ہے۔

 

اس دوران اننت ناگ میں سیاحوں کی مدد یا جانکاری کے لیے ایک ایمرجنسی ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔ پولیس سے رابطہ کرنے کے لیے 9596777669، 01932225870 (9419051940 واٹس ایپ) ہیلپ لائن نمبر جاری کیا گیا ہے۔پہلگام حملہ کے بعد صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے قائد ملکارجن کھڑگے، جموں و کشمیر کے گورنر منوج سنہا، لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی سمیت برسراقتدار و حزب اختلاف کے کئی سیاسی لیڈران کا سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔

 

سبھی نے اس دہشت گردانہ حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ صدر جمہوریہ نے کہا جموں و کشمیر کے پہلگام میں سیاحوں پر ہوا دہشت گردانہ حملہ حیران کرنے والا اور دردناک ہے۔ یہ ایک بہیمانہ اور غیر انسانی عمل ہے جس کی واضح طور سے مذمت کی جانی چاہیے۔ بے قصور شہریوں، سیاحوں پر حملہ کرنا بے حد خوفناک اور ناقابل معافی ہے۔ جو کنبے اپنے رشتہ داروں سے محروم ہوئے ہیں، ان کے تئیں میری دلی ہمدردی ہے اور زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کرتی ہوں۔

 

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا حملہ کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ متاثرہ لوگوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ اس شرمناک عمل کے پیچھے جو لوگ ہیں، انھیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انھیں بخشا نہیں جائے گا۔ ان کا ناپاک ایجنڈا کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ دہشت گردی سے لڑنے کا ہمارا عزم مصمم ہے اور یہ مزید مضبوط ہوگا۔

 

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا جموں و کشمیر کے پہلگام میں سیاحوں پر ہوئے دہشت گردانہ حملہ سے میں تکلیف میں ہوں۔ میری ہمدردیاں مہلوکین کے کنبوں کے ساتھ ہیں۔ اس شرمناک دہشت گردانہ حملے میں شامل لوگوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ ہم جرائم پیشوں پر سخت کارروائی کریں گے اور انھیں سخت سے سخت سزا دیں گے۔

 

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button