عجیب چور۔ مسروقہ مال واپس کرنے کا وعدہ، چھوڑ گیا معافی نامہ

نئی دہلی۔ ہندوستان کی ریاست تملناڈو میں چوری کا ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا۔پولیس جب چوری کے واقعہ کی تحقیقات کے لیے مقام واقعہ پر پہنچی تو وہاں نقد رقم اور سونے چاندی کے زیورات غائب تھے، لیکن پولیس کو وہاں سے ایک معافی نام ملا جو چور نے لکھا تھا۔
چوری کی یہ واردات ٹیوٹی کون ضلع کے 79 سال کے ریٹائرڈ ٹیچر سیلون کے گھر میں پیش آئی۔ ریٹائرڈ ٹیچر سیلون کو بیوی اور چار بچے ہیں۔ 17 جون کو وہ چینائی میں اپنے بیٹے سے ملاقات کے لیے نوکرانی کے بھروسہ پر گھر چھوڑ کر گئے ہوئے تھے۔ نوکرانی جب منگل کی رات گھر پہنچی تو گھر کا گیٹ کھلا دیکھ کر وہ چونک گئی، اس نے اندازہ لگا لیا کہ چوری کی واردات رونما ہوئی ہے، اس نے فوری اپنے مکان مالک اور پولیس کو فون پر اطلاع دی۔ پولیس نے جب مقام واقعہ کی تلاشی لی تو معلوم ہوا کہ 60 ہزار روپے نقد رقم سونے کی بالیاں چاندی کی پازیب غائب ہے۔
چور نے مکان مالک کے نام ایک نوٹ چھوڑا جس میں اس نے لکھا کہ مجھے معاف کر دو میں ایک مہینے میں یہ پوری چیزیں واپس کر دوں گا، میرے گھر میں کوئی بیمار ہے، اس کی وجہ سے میں چوری کر رہا ہوں۔ پولیس نے اس معاملہ میں کیس درج کر کے چھان بین شروع کر دی ہے۔