ایران کی مدد کے لئے چندہ دینا دو ہندوستانی بھائیوں کو مہنگا پڑ گیا، سعودی عرب میں گرفتار
Photo courtesy to NDTV
حیدراباد – 8جون ( اردو لیکس ڈیسک) جنگ سے پریشان ایران کے شہریوں کی مدد کے لئے چندہ بھیجنے والے دو ہندوستانی بھائی سعودی عرب میں مشکلات کا شکار ہوگئے۔ تہران میں ایرانی سفارت خانہ کے اکاؤنٹ میں عطیہ منتقل کرنے پر سعودی پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ رواں سال مارچ میں پیش آنے والا یہ واقعہ اب منظرِ عام پر آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اتر پردیش کے ضلع امروہہ کے ناو گاوں سے تعلق رکھنے والے محمد جعفر پانچ سال قبل روزگار کی غرض سے سعودی عرب منتقل ہوئے تھے۔ بعد ازاں انہوں نے اپنے بھائی محمد رحیب کو بھی وہاں بلا لیا۔
حال ہی میں مغربی ایشیا میں جنگی صورتحال کے دوران ان کی والدہ نے ایران کے شہریوں کی مدد کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ اس پر محمد جعفر نے ہندوستان میں واقع ایرانی سفارت خانے کے بینک اکاؤنٹ میں 200 ریال بطور عطیہ منتقل کئے۔ تاہم یہ رقم ان کے بھائی محمد رحیب کے موبائل فون کے ذریعے بھیجی گئی تھی۔
اطلاعات کے مطابق سعودی سکیورٹی اہلکاروں نے معاملے کی جانکاری ملنے پر 27 مارچ کو محمد رحیب کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کی۔ تین دن بعد محمد جعفر کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ اس کے بعد سے دونوں بھائیوں کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں مل سکی ہے۔
ہندوستان میں موجود ان کے والدین نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے وزارتِ خارجہ سے اپنے بیٹوں کی رہائی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ضعیف والد حسن عباس نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے وزیر خارجہ جئے شنکر سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔حسن عباس نے کہا کہ میرے دونوں بیٹے سعودی عرب میں لاپتہ ہیں۔ میں ایک عام آدمی ہوں اور میرے تمام اخراجات میرے بیٹے ہی اٹھاتے تھے۔ میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ میرے بچوں کے بارے میں معلومات حاصل کرکے ان کی مدد کی جائے۔
اس معاملے پر ریاض میں واقع بھارتی سفارت خانے کے حکام نے ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ محمد جعفر اور محمد رحیب کو سعودی پولیس نے سکیورٹی سے متعلق معاملات کے تحت گرفتار کیا ہے۔ سفارت خانہ اس سلسلے میں سعودی وزارتِ خارجہ سے مسلسل رابطے میں ہے۔




