بچوں کے آدھار کارڈ میں بایومیٹرک اپ ڈیٹ کے لئے UIDAI کی نئی ہدایات

نئی دہلی، 29 اگست (اردولیکس)بھارت کی منفرد شناختی اتھارٹی (UIDAI) نے 5 سے 15 سال کی عمر کے بچوں کے آدھار کارڈ میں لازمی بایومیٹرک اپ ڈیٹس (MBU) کرانے کے لیے نئی رہنما ہدایات جاری کی ہیں۔ اس سلسلے میں اسکولوں میں خصوصی کیمپس کے انعقاد کے احکامات دیے گئے ہیں تاکہ زیر التوا اپ ڈیٹس کو مکمل کیا جا سکے۔
یو آئی ڈی اے آئی کے سربراہ بھونیش کمار نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو خط لکھتے ہوئے کہا کہ یہ اپ ڈیٹس لازمی ہیں اور اسکولوں کی سطح پر ان کا عمل درآمد آسانی سے کیا جا سکتا ہے۔
وزارت الیکٹرانکس و آئی ٹی کے مطابق، UIDAI اس کام کے لیے محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ اس کے تحت یونیفائیڈ ڈسٹرکٹ انفارمیشن سسٹم فار ایجوکیشن پلس (UDISE+) ایپلیکیشن کے ذریعے یہ پتہ چل سکے گا کہ کن طلبہ کے آدھار میں بایومیٹرک اپ ڈیٹ باقی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس اقدام سے ملک کے تقریباً 17 کروڑ بچوں کے آدھار اپ ڈیٹس کو آسانی سے مکمل کیا جا سکے گا۔
بایومیٹرک اپ ڈیٹ کیوں ضروری؟
ماہرین کے مطابق جب بچے کی عمر پانچ یا پندرہ برس ہوتی ہے تو آدھار کارڈ میں بایومیٹرک اپ ڈیٹ کرنا لازمی ہے تاکہ آدھار کا ڈیٹا درست اور قابلِ اعتماد رہے۔ اگر اپ ڈیٹ نہ کرایا جائے تو مستقبل میں کئی مسائل پیش آ سکتے ہیں، مثلاً سرکاری اسکیموں کے فوائد حاصل کرنے میں دشواری، یا NEET، JEE اور CUET جیسی اہم مسابقتی امتحانات میں رجسٹریشن میں رکاوٹیں۔
UIDAI کا کہنا ہے کہ اسکولوں میں ہی یہ اپ ڈیٹس مکمل کرنے سے طلبہ اور والدین کو بڑی سہولت حاصل ہوگی اور آئندہ مسائل سے بچا جا سکے گا۔