نیشنل

ماں کی سرجری – عمر خالد کو تین دن کی ضمانت منظور

نئی دہلی –  جے این یو طلبہ تنظیم کے لیڈر عمر خالد کو دہلی فسادات کیس میں دہلی ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت مل گئی ہے۔ عدالت نے جمعہ کے روز یکم جون سے 3 جون تک تین دن کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے احکامات جاری کیے۔

 

واضح رہے کہ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے خلاف 2020 میں دہلی میں پیش آئے فسادات کے سلسلے میں عمر خالد کے خلاف یو اے پی اے قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ انہیں ستمبر 2020 میں گرفتار کیا گیا تھا اور تب سے وہ جیل میں ہیں۔

 

عمر خالد نے اپنی والدہ کی سرجری کے پیشِ نظر ان کی دیکھ بھال کے لیے 15 دن کی ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، جسے اس سے قبل ٹرائل کورٹ نے مسترد کردیا تھا۔ تاہم دہلی ہائی کورٹ نے انہیں جزوی راحت دیتے ہوئے تین دن کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔

 

عدالت نے ضمانت کے دوران عمر خالد پر کئی شرائط بھی عائد کی ہیں۔ عدالت کے مطابق وہ دہلی-این سی آر حدود سے باہر نہیں جاسکیں گے اور حکام کو فراہم کردہ پتے پر ہی قیام کرنا ہوگا۔ عدالت نے ہدایت دی کہ ہاسپٹل کے علاوہ کسی اور مقام پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ ضمانت کے دوران صرف ایک ہی موبائل نمبر استعمال کرنے کی بھی شرط رکھی گئی ہے۔

 

دوسری جانب دہلی پولیس نے عمر خالد کی ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کی والدہ کی سرجری معمولی نوعیت کی ہے اور پولیس سیکوریٹی کے ساتھ ملاقات کی اجازت دینا کافی ہوگا۔ تاہم عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد تین دن کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button