نیشنل

عیدالاضحیٰ سے متعلق چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کی عہدیداروں کو 10 اہم ہدایات

لکھنو : ہندوستان بھر میں عیدالاضحیٰ کی تیاریوں کے درمیان اترپردیش حکومت نے ریاست میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے واضح کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر کھلے مقامات پر نماز اور جانوروں کی قربانی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 

لکھنؤ میں منعقدہ اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کے دوران ضلع کلکٹرس اور پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ نماز صرف مساجد اور عیدگاہوں کے احاطوں میں ادا کی جائے۔ سڑکوں اور عوامی مقامات پر نماز کی اجازت نہیں ہوگی۔ اگر نمازیوں کی تعداد زیادہ ہو تو مرحلہ وار نماز ادا کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔

 

حکومت نے قربانی کے معاملہ میں بھی سخت قواعد نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کھلے مقامات پر قربانی مکمل طور پر ممنوع قرار دی گئی ہے جبکہ ممنوعہ جانوروں کی قربانی پر سخت کارروائی کا انتباہ دیا گیا ہے۔ قربانی کے بعد صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

 

چیف منسٹر نے پولیس محکمہ کو حساس علاقوں، عیدگاہوں اور مساجد کے اطراف اضافی سیکوریٹی تعینات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرونز کے استعمال پر بھی زور دیا گیا ہے جبکہ شرپسند عناصر پر خصوصی نظر رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

 

بقرعید کے موقع پر چیف منسٹر یوگی کی جانب سے جاری کردہ 10 اہم ہدایات یہ ہیں:

نماز صرف مسجد کے احاطے میں ہی ادا کی جائے۔

کسی بھی صورت میں کھلے مقامات پر نماز ادا نہ کی جائے۔

نماز کے لئے سڑکوں کو بند نہ کیا جائے۔

اگر نمازیوں کی تعداد زیادہ ہو تو مرحلہ وار نماز ادا کرائی جائے۔

کھلے مقامات پر کسی بھی شکل میں جانوروں کی قربانی نہ کی جائے۔

ممنوعہ جانوروں کی قربانی مکمل طور پر ممنوع رہے گی۔

قربانی کے بعد صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے۔

فساد بھڑکانے والوں پر حکام خصوصی نظر رکھیں۔

عیدگاہوں کے قریب پولیس فورس تعینات کی جائے۔

حساس علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرونز کے ذریعہ نگرانی کی جائے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button