ممبئی میں انتہائی شدید بارش کی پیش قیاسی۔ دہلی کیلئے بھی ریڈ الرٹ

ممبئی: ممبئی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں شدید بارش نے صورتحال کو متاثر کیا ہے۔ شہر کو پینے کا پانی فراہم کرنے والی سات جھیلوں میں بڑی مقدار میں سیلابی پانی داخل ہو رہا ہے۔ ان میں سب سے چھوٹی جھیلیں، تُلسی اور وہار منگل کی رات سے ہی بھر کر بہنے لگی ہیں۔
دوسری جانب شدید بارش کے باعث ممبئی کے کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ہے جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔ مغربی ریلوے پر ٹرینوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ممبئی کے ساتھ ساتھ تھانے، پالگھر اور رائے گڑھ اضلاع میں چہارشنبہ کے روز شدید سے انتہائی شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔
لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 9 جولائی سے بارش کی شدت میں بتدریج کمی آنے کا امکان ہے جبکہ 12 جولائی سے بیشتر اضلاع میں ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات بتایا ہے کہ آج دہلی میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کا امکان ہے۔
اس کے پیش نظر دہلی کے کئی علاقوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ صرف ہنگامی صورتِ حال میں ہی گھروں سے باہر نکلیں۔




