بنگلہ دیشی اور روہنگیائی شہریوں کے نام پر لوگوں کو ملک بدر کرنے کی تیاریاں ۔ خصوصی ’ہولڈنگ سنٹر‘ بنانے مغربی بنگال حکومت کا حکم

File photo
نئی دہلی: بنگال کی بی جے پی حکومت نے ریاست میں غیر قانونی طور پر رہنے کے الزامات کا سامنا کرنے والے غیر ملکی شہریوں کے خلاف بڑا انتظامی قدم اٹھایا ہے۔ حکومت نے غیر قانونی بنگلہ دیشی اور روہنگیائی شہریوں کو ان کے
ملک واپس بھیجنے کے عمل کو تیز کرنے کے لیے خصوصی ’ہولڈنگ سنٹر‘ بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ اس فیصلے کو ریاست میں غیر قانونی دراندازی اور سیکورٹی سے جڑے مسائل پر حکومت کی بڑی کارروائی مانی جا رہی ہے۔حکومت
کی جانب سے مغربی بنگال کے تمام ڈسٹرکٹ مجسٹریٹس کو اس سلسلے میں تحریری ہدایات اور تفصیلی گائیڈ لائنز بھیجی گئی ہیں۔ افسران کو اپنے اپنے اضلاع میں ایسے ہولڈنگ سنٹر بنانے کے لیے مناسب جگہ کی نشاندہی کرنے اور
آگے کا عمل جلد شروع کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ انتظامیہ نے سرحدی اضلاع اور ان علاقوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے جہاں خیال کیا جاتا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن چھپے ہوئے ہیں۔حکومت کے منصوبے کے مطابق ریاست کے مختلف
حصوں سے پکڑے گئے غیر قانونی بنگلہ دیشی اور روہنگیا دراندازوں کو براہ راست جیل میں رکھنے کے بجائے ان خصوصی ہولڈنگ سنٹرز میں بھیجا جائے گا۔ یہاں ان کی شناخت، دستاویزات کی جانچ اور قانونی کارروائی پوری کی جائے گی۔ جب
تک ان غیر ملکی شہریوں کی شناخت کی تصدیق اور انہیں قانونی طور پر ان کے اصل ملک واپس بھیجنے کا عمل پورا نہیں ہو جاتا، تب تک انہیں انہی ہولڈنگ سنٹرز میں رکھا جائے گا۔ انتظامیہ کا ماننا ہے کہ اس سے غیر قانونی تارکین وطن
پر نگرانی رکھنا آسان ہوگا اور ڈپورٹیشن کا عمل منظم طریقے سے پورا کیا جا سکے گا۔واضح رہے کہ حالیہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے دوران بی جے پی نے ریاست سے غیر قانونی تارکین وطن کو باہر نکالنے کا معاملہ نمایاں طور پر
اٹھایا تھا۔ انتخابی مہم کے دوران مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا تھا کہ جس طرح آسام میں دراندازی کے خلاف کارروائی کی گئی، اسی طرح بنگال میں بھی غیر قانونی دراندازی کو مکمل طور پر ختم کیا جائے گا۔ اب ریاست میں بی
جے پی حکومت بننے کے بعد پارٹی اپنے اسی انتخابی وعدے پر عمل درآمد کرنے کی سمت میں تیزی سے قدم بڑھا رہی ہے۔ حکومت کا یہ فیصلہ اسی حکمت عملی کا حصہ مانا جا رہا ہے۔




