شاہ رخ خان کو جان سے مارنے کی دھمکی ۔ ایڈوکیٹ زیر حراست

ممبئی : بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان کو حال ہی میں دھمکی آمیز فون کال کیا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق ایک شخص نے شاہ رخ خان سے 50 لاکھ روپے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔ ممبئی پولیس نے اس معاملہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری کارروائی کی اور دھمکی دینے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
تفتیش کے بعد پولیس کو اس بات کا پتہ چلا کہ جس فون نمبر سے دھمکی دی گئی تھی وہ فون وکیل محمد فیضل خان کے نام سے رجسٹر ڈ ہے۔ ممبئی پولیس ان کے مکان واقع رائے پور پہنچی اور انھیں حراست میں لے کر ممبئی منتقل کیا گیا۔ فیضل خان پیشہ سے وکیل ہیں انھوں نے بتایا کہ ان کا فون چوری ہوگیا اور انھوں نے اس بات کی شکایت پہلے ہی پولیس اسٹیشن میں درج کروائی ہے۔پولیس اس معاملہ کی جانچ کررہی ہے تاہم جس وکیل کے فون سے دھمکی دی گئی تھی انھیں حراست میں لے لیا گیا ہے۔
دوسری طرف، کچھ دن پہلے بالی ووڈ کے ایک اور بڑے اسٹار، سلمان خان کو بھی فون پر دھمکیاں موصول ہوئیں۔ اطلاعات کے مطابق، یہ دھمکیاں لارنس بشنوئی گینگ کی طرف سے دی گئیں، جو ماضی میں سلمان خان کو کالے ہرن کے شکار کیس میں نشانہ بناتا رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ گینگ نے سلمان خان سے 5 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا ہے، جس نے بالی ووڈ اور ان کے مداحوں میں خوف و ہراس کی لہر پیدا کردی ہے۔