نیشنل

ممتا بنرجی کا ساتھ چھوڑنے کے بعد یوسف پٹھان پر گجرات حکومت مہربان – 978 مربع میٹر اراضی تحفہ میں دینے کی منظوری

حیدرآباد: گجرات کے وڈودرا شہر کے ٹنڈلجا علاقے میں اپنے مکان سے متصل 978 مربع میٹر متنازعہ اراضی کے معاملے میں لوک سبھا کے رکن اور سابق بین الاقوامی کرکٹر یوسف پٹھان کو راحت ملی ہے۔ گجرات حکومت نے اس اراضی کی الاٹمنٹ کو منظوری دے دی ہے

 

۔ حکومت نے 500 مربع میٹر اراضی بطور تحفہ دینے اور باقی 478 مربع میٹر اراضی رعایتی قیمت پر فروخت کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ترنمول کانگریس سے وابستہ رہنے والے یوسف پٹھان کے این ڈی اے سے ہاتھ ملانے کے چند ماہ کے اندر ہی 14 سال سے زیرِ التوا اس معاملے میں ان کے حق میں حکومتی فیصلہ سامنے آیا ہے۔

 

وڈودرا میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ارون نے بتایا کہ اراضی کی الاٹمنٹ کو ریاستی حکومت کی منظوری حاصل ہوگئی ہے اور اس تجویز کو کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ کمیٹی کی منظوری کے بعد الاٹمنٹ کا عمل شروع ہوگا۔ تاہم، یوسف پٹھان کو اس اراضی کے لئے کتنی رقم ادا کرنی ہوگی، اس کا ابھی تعین نہیں کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت کے احکامات کا جائزہ لینے کے بعد میونسپل کارپوریشن اس رقم کا فیصلہ کرے گی۔

 

کیا ہے پورا معاملہ؟

سنہ 2012 میں یوسف پٹھان نے وڈودرا میونسپل کارپوریشن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ٹنڈلجا میں اپنے بنگلے سے متصل 978 مربع میٹر اراضی بین الاقوامی کھلاڑیوں کے کوٹے کے تحت الاٹ کرنے کی درخواست کی تھی۔ اس کے بعد میونسپل کارپوریشن نے کھلی نیلامی کے بغیر 99 سالہ لیز پر اراضی الاٹ کرنے کا عمل شروع کیا، تاہم 2014 میں گجرات کے محکمہ شہری ترقی نے کھلی نیلامی کے بغیر اراضی الاٹ کرنے کی تجویز مسترد کردی تھی۔

 

اس کے باوجود یوسف پٹھان نے مبینہ طور پر اس اراضی کے اطراف چاردیواری تعمیر کرکے اس پر قبضہ برقرار رکھا۔ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کرنے کے کچھ ہی عرصے بعد وڈودرا میونسپل کارپوریشن نے اراضی سے مبینہ ناجائز قبضہ ہٹانے کے لئے انہیں نوٹس جاری کی تھی۔

 

یوسف پٹھان نے اس کارروائی کو گجرات ہائی کورٹ میں چیلنج کیا، تاہم عدالت نے انہیں قابض قرار دیتے ہوئے سوال کیا کہ لیز کا باضابطہ حکم نامہ جاری ہوئے بغیر وہ اس اراضی کا استعمال کیسے کرسکتے ہیں۔ عدالت نے ان کی درخواست مسترد کردی تھی۔ بعد ازاں 2026 میں اراضی کی الاٹمنٹ پالیسی پر نظرثانی کی درخواست سے متعلق اپیلیں بھی یوسف پٹھان نے واپس لے لی تھیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button