آسٹریلیا میں پولیس کی مار پیٹ سے ہندوستانی نژاد نوجوان کی موت

آسٹریلیا کے ایڈیلیڈ شہر میں ایک ہندوستانی نژاد نوجوان، گاورو کنڈی پر پولیس کی مبینہ زیادتی اور مار پیٹ کے بعد اس کی موت واقع ہو گئی۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، پولیس کی سخت کارروائی کے نتیجے میں گاورو کو شدید چوٹیں آئیں اور وہ ہاسپٹل میں دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق، گاورو کنڈی اور اس کی اہلیہ امرت پال کور کے درمیان سڑک پر معمولی تکرار ہوئی تھی، جسے دیکھ کر پیٹرولنگ پولیس نے گھریلو جھگڑا سمجھا اور فوراً مداخلت کی۔ گاورو کی بیوی نے پولیس کو بارہا سمجھایا کہ معاملہ معمولی ہے اور کوئی لڑائی نہیں ہوئی، لیکن پولیس نے اس کی بات نہیں سنی۔
گاورو بار بار کہتا رہا کہ اس نے کوئی جرم نہیں کیا، مگر پولیس اہلکاروں نے اس پر تشدد کرتے ہوئے اسے زمین پر گرا کر زبردستی گرفتار کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران امرت پال نے واقعہ کی ویڈیو بھی بنائی۔
امرت پال کا الزام ہے کہ پولیس نے گاورو کی گردن پر گھٹنا رکھ کر زور سے دبایا، اور گرفتاری کے وقت اس کا سر زمین اور پولیس گاڑی سے ٹکرایا، جس کے بعد وہ بے ہوش ہو گیا۔ ہاسپٹل لے جانے پر ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس کے دماغ اور گردن کے اعصاب کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ بعد ازاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی
گاورو کی بیوی نے مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور انصاف کی اپیل کی ہے۔ اس واقعہ کو 2020 میں امریکہ میں جارج فلائیڈ کی ہلاکت سے مماثل قرار دیا جا رہا ہے۔