کویت میں غیر ملکی ورکرس کے لئے ویزا اور رہائشی خدمات آن لائن، نئی ای سروسیس کا آغاز

کویت میں غیر ملکی ورکرس کے لئے ویزا اور رہائشی ضوابط کو آسان بنانے کے مقصد سے نئی الیکٹرانک خدمات متعارف کر دی گئی ہیں۔ کویت کی وزارتِ داخلہ نے بتایا کہ ان اقدامات کا مقصد غیر ملکی ملازمین کو تیز رفتار اور بہتر خدمات فراہم کرنا ہے۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق اب ویزا کی تجدید، رہائشی اجازت ناموں کی منتقلی سمیت متعدد خدمات کے لئے سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ یہ تمام سہولتیں وزارت کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعہ آن لائن دستیاب ہوں گی۔
حکام نے بتایا کہ جنرل ڈپارٹمنٹ آف ریزیڈنسی کے اشتراک سے ان خدمات کو تیار کیا گیا ہے، جبکہ جنرل ڈپارٹمنٹ آف انفارمیشن سسٹمس کے عہدیداروں نے ان اصلاحات کی توثیق کی ہے۔
ذرائع کے مطابق کویت کا امیگریشن نظام ان نئی اصلاحات کا جائزہ لے رہا ہے، جن سے سرکاری اور خانگی شعبوں میں کام کرنے والے غیر ملکی ورکرس کو نمایاں فائدہ پہنچے گا۔ ویزا کی تجدید، ملازمت اور رہائشی منتقلی جیسے معاملات میں درپیش طویل المدتی مسائل میں کمی آئے گی۔
حکام نے واضح کیا کہ ماضی میں غیر ملکی ورکرس کو رہائش تبدیل کرنے کے لئے سرکاری منظوری کے حصول میں دفاتر کے چکر لگانا پڑتے تھے، تاہم نئی آن لائن سہولت کے بعد یہ مشکل ختم ہو جائے گی۔ مزید یہ کہ ، نئی ہدایات کے تحت غیر ملکیوں اور زائرین کے لئے ہیلت انشورنس کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔



