این آر آئی

بزم اردو ٹوسٹ ماسٹرز کے زیر اہتمام ڈاکٹر انعام اللہ فلاحی کا لکچر اور ڈاکٹر آصف علی کی تہنیت

ریاض ۔ کے این واصف

دین اسلام نے ہمیں زکوۂ کا جو نظام عطا کیا ہے وہ ہمارے جملہ معاشی مسائل کا حل ہے۔ لیکن زکوۂ کا وصول و تقسیم منظم نہ ہونے کی وجہ سے اربوں روپیہ کی زکوہ سے بھی مسلم سماج کے معاشی مسائل کا مداوا نہیں ہوپا رہا ہے۔ یہ بات ڈاکٹر انعام اللہ فلاحی آعظمی نے کہی۔ وہ بزم اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب کے زیر اہتمام “رمضان اور سماجی ذمہ داری” کے عنوان پر خطاب کررہے تھے۔ انعام اللہ آعظمی نے مزید کہا کہ زکوۂ کے ٹکڑوں میں تقسیم کے عمل سے کسی کی معیشت کو استحکام حاصل نہیں ہورہا ہے۔ زکوۂ حاصل کرنے والا ایک بھی شخص اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہوپارہا ہے۔ لوگ انفرادی طور پر یا ایک خاندان کے افراد ملکر ایک یا چند افراد کی مالی مدد سے ان کو پیروں پر کھڑا کریں۔ مولانا آعظمی نے یہ بھی کہا کہ روزہ صرف کھانا پینا ترک کرنے یا نفسانی خواہشات پر کنٹرول کرنے نام نہیں روزہ میں ہر اس عمل سے پرہیز کیا جانا چاہئے جس کو اللہ رب العزت اور اس نبی رحمت نے منع فرمایا ہے۔ روزے کے یہ بنیادی تقاضے ہیں۔ ماہ رمضان میں تقوی کی اس تربیت کے اس سلسلے کو باقی ایام مین جاری رکھا جائے تو مسلم سماج برائیوں سے پاک ہوجائے گا۔

بزم اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب کے اس سالانہ پروگرام کی ابتداُ ٹوسٹ ماسٹر سید عتیق احمد کے ابتدائی کلمات سے ہوئی۔ کلب کے صدر محمد سیف الدین کے خطبہ استقبالیہ کے بعد راقم نے “خود احتسابی” کے عنوان سے ایک مضمون پیش کیا۔ ان دنوں “روبی نیوز چینل” حیدرآباد کے سربراہ ڈاکٹر آصف علی سعودی عرب کے دورے پر ہیں۔ اس موقع پر کلب کی جانب سے سینئر اراکین محمد مبین اور عبد القدوس جاوید نے ڈاکٹر آصف کی شال پوشی کی اور انھیں یادگاری مومنٹو پیش کیا۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر انعام اللہ فلاحی آعظمی کو بھی تہنیت پیش کی گئی۔ محمد سیف الدین نے ڈاکٹر آصف علی کا دلچسپ انداز میں تعارف پیش کیا۔ جس کے بعد ڈاکٹر آصف علی نے بھی محفل سے خطاب کیا۔ انھوں نے اپنے خطاب میں بزم اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب ریاض کی کارکردگی اور اغراض و مقاصد کی ستائش کی۔

سماجی جہد کار سلمان خالد نے بھی آصف علی کی شال پوشی کی۔ سید افتخار ہاشمی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ اس تقریب مین ریاض کی سماجی تنظیموں کے اراکین، معززان شہر اور ٹوسٹ ماسٹرز نے شرکت کی۔ ڈاکٹر سعید محی الدین نے پروگرام کی عکس بندی کی۔ سید مبارک حسین کے ھدیہ تشکر پر محفل کا اختتام عمل میں آیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button