این آر آئی

“عالمی اردو محور” ریاض کے زیرِ اہتمام شعرى نشست کا انعقاد 

ریاض – (پریس نوٹ) معیاری ادب کی ترجمان تنظیم “عالمی اردو مِحور” ریاض’ (عام) کے زیر اہتمام تنظیم کے رکن عبدالاول، اول سنگرامپوری کی میزبانی میں بروز جمعہ ایک پروقار محفلِ شعر کا انعقاد ہوا۔ جس کی صدارت معروف شاعر ظفر محمود ظفر نے کی۔

 

مہمانِ خصوصی کی مسند پر معروف شخصیت جامعہ ملیہ اسلامیہ المنائی ایسوسی ایشن کے سابق صدر اور عام کے سرپرست کمیٹی کے رکن انجینئر سيد غفران احمد براجمان رہے جب کہ مہمان اعزازی کی حیثیت سے شہر ممبرا سے تشریف لائے معروف شاعر ملک عبد النور نملی (بیلن بلرام پوری) نے محفل کو رونق بخشی۔ نظامت کے فرائض خوش فکر شاعر حسان عارفی نے بحسن و خوبی انجام دیے۔

 

مشاعرے کے میزبان عبدالاول اور "عام” کے صدر و معروف شاعر افتخار راغبؔ نے شہرِ ریاض كے منتخب باذوق شعراء و سامعین کو مدعو کر کے نشست کو یادگار بنا دیا۔ حافظ زہير کی تلاوتِ کلام اللہ سے محفلِ شعر کاآغاز ہوا۔ محفلِ شعر میں جن شعرائے کرام نے اپنے منتخب کلام سے سامعین کو محظوظ کیا

 

ان میں ظفر محمود ظفر، افتخار راغبؔ، سلیم کاوش، ملک عبد النور نملی (بیلن بلرام پوری) حسان عارفی، سراج عالم زخمی، ضيا عرشی علیگ، اول سنگرام پوری، سعید اختر اعظمی اور عبدالرحمان راشد عمری کے اسمائے گرامی شامل ہیں۔ محفل کے مہمانِ خصوصی انجینئر سید غفران نے کہا جلد ہى ہم بڑے پیمانے پر ان شاء اللہ مشاعرے کا انعقاد کریں گے اور اردو زبان و ادب کو قائم و دائم رکھنے کے لیے اس سلسلے کو مزید آگے بڑھائیں گے۔

 

مہمانان کے تاثرات، صدارتی خطبہ ، کلمات تشکر پر مشاعرہ اختتام پذیر ہوا۔

اس نشست میں پیش کیے گئے منتخب اشعار ملاحظہ فرمائیں!

 

اک خطا کی تو سب نظارے گۓ

آسمانوں سے ہم اُتارے گۓ

ظفر محمود ظفر

 

رائگانی کا تقاضا ہے کہ ہم چُپ ہی رہیں

اِس کہانی کا تقاضا ہے کہ ہم چُپ ہی رہیں

افتخار راغبؔ

 

وہ اِک نگاہِ کَرَم کیا ہوئی کہ آخرِ شَب

عطائیں جِیت گئیں اور خطائیں ہار گئیں

سلیم کاوش

 

میں جس کو غیر سمجھتا رہا سدا حسان

ہر ایک راز کا میرے وہ رازداں ٹھہرا

حسان عارفی

 

اقبال کے شاہین کی بوسیدہ ہوئی چونچ

انداز نہ پرواز نہ باقی ہی بچی سوچ

ضیاء عرشی علیگ

 

اب کیا یہ ترے حسن کی توہین نہیں ہے

خالی ہیں ترے ہوتے ہوئے دید کے کاسے

سراج عالم زخمی

 

رقص صبا کو دیکھ کے جھومے ہے شاخ گل

بے چین کیوں چمن میں ہے خوشبو تری طرح

سعیداختر اعظمی

 

آئیں نہ آئیں اب وہ نگاہوں کے روبرو

ہم چشمِ دل کو قابل دیدار کر چکے

عبدالرحمن راشد عمری

 

 

میرے لیے تو ایک مقدس کتاب ہے

تقدیس جس کی باعثِ کار ثواب ہے

عبدالاول، اول سنگرامپوری

متعلقہ خبریں

Back to top button