این آر آئی

شارجہ میں جگتیال کمیونٹی دبئی کے زیرِ اہتمام شاندار مزاحیہ مشاعرہ، سامعین دیر تک محظوظ

شارجہ سے ڈاکٹر محامد علی کی رپورٹ

شارجہ میں جگتیال کمیونٹی دبئی کی جانب سے ایک پُرجوش اور یادگار مزاحیہ مشاعرہ منعقد کیا گیا، جس نے اہلِ ذوق کو بے حد محظوظ کیا۔ پروگرام کی میزبانی  جناب راشد علی فردوس نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض معروف ناظمِ مشاعرہ جناب خواجہ تحسین نے نہایت خوب صورتی سے انجام دی۔

 

اس محفل میں عالمی شہرت یافتہ مزاحیہ شاعر جناب عبدالوحید ٹیپیکل مہمانِ خصوصی کے طور پر رونقِ محفل رہے۔ ان کے ساتھ سماجی کارکن نجیب صاحب (ابوظہبی)، صلاح الدین صلو بھائی، مظفر شیخ (بانی این آر آئی گروپ)،  نوید ولد جناب سعید ٹیچر صاحب، ڈاکٹر محامد علی (فرزندِ محمد محمود علی فدا) اور متعدد کمیونٹی اراکین نے بھرپور شرکت کی۔

 

روحانی آغاز اور نونہالوں کی شرکت

تقریب کا آغاز نہایت ادب و احترام کے ساتھ تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جو حمدان بن راشد علی فردوس نے پیش کی۔ بعد ازاں زہرہ نصیر بنتِ نوید نے بڑے خلوص سے جناب وحید ٹیپیکل کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ چند نونہالوں نے بھی اپنے معصومانہ مگر پُرمغز اشعار سے سامعین کی توجہ حاصل کی۔

خراجِ عقیدت اور شعری سلسلہ

ڈاکٹر محامد علی فدا نے اپنے والدِ محترم جناب محمود علی فدا مرحوم کو منظوم خراجِ عقیدت پیش کیا، جب کہ مجیب الرحمن کنڈاپور نے بھی اپنے کلام سے مشاعرے کی رونق میں اضافہ کیا۔محفل کے دوران جناب وحید ٹیپیکل کی شال پوشی کا اعزاز نوید ولد سید نور نے حاصل کیا۔

 

اسی موقع پر ڈاکٹر محامد علی فدا نے جگتیال کمیونٹی کی جانب سے محبت بھرا شعر پیش کرتے ہوئے جناب وحید ٹیپیکل کو دعوتِ سخن دی:

"تیرے آنے کا اے دوست بھرم رکھا ہے

یہ میرا دل ہے جہاں تُو نے قدم رکھا ہے”

 

وحید ٹیپیکل کی دکنی رنگ میں دھوم

مشاعرے کا اصل مرکز تو بلا شبہ جناب عبدالوحید ٹیپیکل رہے، جنہوں نے اپنی روایتی دکنی انداز، چٹکلوں اور برجستہ شعر گوئی سے محفل کو زعفران زار بنا دیا۔ حاضرین بار بار قہقہوں سے گونج اٹھے، اور پروگرام کے اختتام تک محفل مکمل طور پر جُڑی رہی۔

 

اختتام پر ناظمِ مشاعرہ جناب خواجہ تحسین نے تمام مہمانانِ خصوصی، شعرا، کمیونٹی ارکان اور بالخصوص میزبان جناب راشد علی فردوس (شارجہ) کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔یہ محفل جگتیال کمیونٹی دبئی کی جانب سے ادبی ماحول کے فروغ کی ایک کامیاب کاوش ثابت ہوئی، جسے دیر تک یاد رکھا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button