جنرل نیوز

قرآن کریم جواہرات کا بیش قیمتی خزانہ ہے : مولانا ارشد قاسمی

بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری)گزشتہ روز مدرسہ جامعہ مدینۃ العلوم رسولی میں تین طالب علموں نے قرآن کریم مکمل کیا۔ جس کے پیش نظر ایک جلسہ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مدرسہ کے سینئر مدرس مولانا محمدارشدقاسمی نے حاضرین جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم جواہرات کا بیش قیمتی خزانہ ہے۔ اور لوگ اس سے بے خبر ہیں۔ وہ لوگ خوش قسمت ہیں جو قرآن کریم کی تلاوت کرتے ہیں۔ وہ اسے بار بار پڑھتے ہیں۔اس کی تعلیمات پرغور و فکر کرتے ہیں۔ اس سے رہنمائی اور نور حاصل کرتے ہیں۔ اس سے ملنے والے جواہرات سے اپنی جھولیاں بھرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن میں فرماہا ہے کہ اے لوگو ! تمہارے پاس تمہارے رب کی طرف سے ایک ایسی کتاب آگئی ہے جو سراپا نصیحت ہے۔ اور وہ سینوں میں پائی جانے والی بیماریوں کو شفاء دینے والی ہے۔ اور ایمان لانے والوں کے لئے ہدایت اور رحمت ہے۔اے رسول! لوگوں کو آگاہ کردو کہ یہ اللہ تعالیٰ کے فضل اور رحمت سے عطا ہوئی ہے۔ پس اس نعمت کے حصول پر انہیں خوش ہونا چاہئے۔ کیونکہ یہ کتاب اُس مال سے جو وہ جمع کر رہے ہیں کہیں بہتر ہے۔ ان کے علاوہ شیخ الحدیث مولانا محمدجوادقاسمی نے اپنے بیان میں کہا کہ قرآن کریم دنیا کی تمام کتابوں میں سب سے بہترین اور افضل کتاب ہے۔ اس کتاب کی برابری کبھی کوئی دوسری کتاب نہیں کرسکتی۔ نہ اس کتاب میں کبھی کوئی تحریف کرسکتا ہے۔ اور نہ ہی اس میں کوئی کمی اورکجی نکال سکتا ہے۔ خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو اس کو حفظ کرتے ہیں اور اس کے بتلائے ہوئے احکامات پرعمل کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کوکبھی کلام کہا ہے ،کبھی قرآن کہا ہے اورکبھی کتاب کہا ہے۔ اس میں بھی حکمت ہے۔ یہ اللہ کی کتاب ہے اس لئے اسے کلام اللہ کہا گیا۔ اس کو حضور ﷺ نے خود پڑھا اس لئے اس کو قرآن کہا گیا اور صحابۂ کرام کے ذریعے ہم تک کتاب کی شکل میں پہونچی اس لئے اس کو کتاب کہا گیا ہے۔ مدرسہ کے پرنسپل مولانا مقبول احمد قاسمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ رب العزت کا بے پناہ احسان ہے کہ اس نے ہمیں زندگی صحیح طور پرگزارنے اور بامقصد بنانے کےلیے قرآن پاک جیسی ایک عظیم کتاب سے نوازا ہے۔ قرآن مجید دنیا کی وہ عظیم ترین کتاب ہے جس میں انسانی زندگی کے تمام گوشے محیط ہیں۔ دنیا میں انسان کی رشد وہدایت کی خاطر بہت سارے آسمانی صحیفے اتارے گئے۔ جن میں خرد برد اور تصرف کیےجانے کی وجہ سے وہ کتابیں محفوظ نہیں رہیں۔ مگر ان میں صرف ایک قرآن کریم ہی ایسا آسمانی صحیفہ ہے کہ جس میں تغیر وتبدل توکجا الفاظ وحروف کی تبدیلی بھی نہیں ہوئی۔ دنیا میں بکثرت تلاوت کی جانے والی اور بکثرت یاد کی جانے والی منفرد کتاب قرآن مقدس ہے۔ یہ وہ کتاب ہے جو دنیا میں بکثرت چھپتی ہیں۔ اس قرآن پاک کو پڑھنے اور سننے والوں کی تعداد بھی بے شمار ہے۔ قرآن کریم وہ کتاب ہے کہ جس میں کسی شک و شبہہ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ حاضرین مجلس میں ماسٹرمعز عثمانی ، مولانا محمدعقیل حلیمی ، ماسٹرعبدالماجد ، مولانامحمدوسیم ، ماسٹر محمدشبیر ، مولانا محمدطارق ، مفتی محمدراشدقاسمی ، مولانا اخلاق ندوی ، مولانا احترام ندوی ، قاری ابوذر ، قاری محمدحسان ، قاری اسماعیل اکرم ، قاری محمدتنویر کی موجودگی قابل ذکر ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button