ایم ایس میں ٹوسٹ ماسٹرس گیول کلب کا باضابطہ افتتاح — طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے ایم ایس کی ایک اور قابلِ فخر پیش رفت

حیدرآباد: ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نے طلبہ کی شخصیت سازی اور تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ کی جانب ایک اور نمایاں قدم بڑھاتے ہوئے ایم ایس فیوچر اسکول، ملے پلی میں "ایم ایس اوریٹرز گیول کلب” کا باضابطہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر ممتاز ٹوسٹ ماسٹر اور ٹو سٹ ماسٹرز انٹرنیشنل کے سابق چیف ایمبیسیڈر جناب سید وحید لطیف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور ڈاکٹر معظّم حسین، منیجنگ ڈائریکٹر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی اور ،اکیڈمک ڈائریکٹر ڈاکٹر سید حمید کی موجودگی میں کلب کا افتتاح انجام دیا۔
ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی ہمیشہ سے طلبہ کی ہمہ جہت ترقی، اخلاقی تربیت، اور عالمی معیار کی تعلیم کے لیے کوشاں رہی ہے۔ اسی تسلسل میں "ایم ایس اوریٹرز گیول کلب” کا قیام اس بات کا مظہر ہے کہ ایم ایس نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ طلبہ کی خود اعتمادی، گفتگو کی صلاحیت اور قیادت کے جوہر نکھارنے میں بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
حیدرآباد میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا اسکول ہے جہاں باقاعدہ ٹوسٹ ماسٹرز گیول کلب قائم کیا گیا ہے — جو ایم ایس کی مسلسل جدوجہد اور وژن کا ثبوت ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید وحید لطیف نے کہا،
"گیول کلب محض بولنے کا پلیٹ فارم نہیں، بلکہ ایک ایسی درسگاہ ہے جہاں نوجوان سوچنا، سمجھنا، اور اعتماد کے ساتھ خود کو پیش کرنا سیکھتے ہیں۔ کامیابی کی کنجی مثبت سوچ اور خود اعتمادی میں پوشیدہ ہے۔”اس موقع پر ڈاکٹر معظّم حسین، منیجنگ ڈائریکٹر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا:
"آپ عمر میں بہت کم ہیں لیکن آپ کے خیالات اور آپ کی آواز ہم سے بہتر سنی جائے گی۔ اگر آپ کی سوچ نکھر جائے تو یہ کلبز آپ کے لیے بیش بہا فائدہ مند ثابت ہوں گے۔”اسی طرح ڈاکٹر سید حمید، اکیڈمک ڈائریکٹر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نے کہا:
"ٹو اسٹ ماسٹرز انٹرنیشنل ایک باوقارعالمی تنظیم ہے جو بنیادی طور پر قیادت کی صلاحیتوں اور مؤثر ابلاغ (Effective Communication) پر توجہ دیتی ہے۔”تقریب میں شریک طلبہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ایک طالبہ نے کہا:”میں نے اس گیول کلب میں اس لیے شمولیت اختیار کی ہے تاکہ میں لوگوں کے سامنے بولتے وقت زیادہ پُراعتماد بن سکوں۔”ایک اور طالب علم نے اپنے جذبے کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
"گیول کلب محض تقریر کرنے کا پلیٹ فارم نہیں بلکہ یہ وہ جگہ ہے جہاں نوجوان ذہن سیکھنے، بڑھنے اور نکھرنے کے لیے جمع ہوتے ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ میں اپنے یقین کے لیے بولوں، کوشش جاری رکھوں چاہے مشکل کیوں نہ ہو، اور اس سفر کے اختتام پر فخر سے کہہ سکوں کہ میں نے وہی بننے کا خواب پورا کیا جس کا کبھی خواب دیکھا تھا۔”گیول کلب کی تاریخ ٹوسٹ ماسٹرز انٹرنیشنل سے جڑی ہے، جو 1924 میں امریکہ میں قائم ہوا۔ اس کا مقصد افراد میں بہتر بول چال، مؤثر ابلاغ، اور قیادت کی صلاحیتیں پیدا کرنا تھا۔ اسکول کے طلبہ کے لیے گیول کلب اسی روایت کا تسلسل ہے، جہاں 12 سے 18 سال کی عمر کے طلبہ ایک منظم ماحول میں تقریر، سامعین سے رابطہ، اور لیڈرشپ کے ہنر سیکھتے ہیں۔
اس کلب کے ذریعے طلبہ میں نہ صرف عوامی تقریر (Public Speaking) کی مہارت پیدا ہوگی بلکہ وہ ٹیم ورک، تنقیدی سوچ، اور فیصلہ سازی جیسے اہم عملی پہلوؤں میں بھی مہارت حاصل کریں گے۔ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کا یہ قدم اس کے اُس عزم کی تجدید ہے کہ وہ اپنے طلبہ کو نہ صرف بہترین تعلیمی کارکردگی کے لیے تیار کرے بلکہ انہیں ایک بااعتماد، باشعور اور قیادت کے جوہر رکھنے والا شہری بنائے۔



