اسپشل اسٹوری

حج کے بعد زیورات کی خریداری میں حجاج کی دلچسپی

ریاض ۔ کے این واصف 

  دنیا بھر سے حج کے لیے آنے والے سعودی عرب سے واپسی پر اپنے عزیز و اقارب کے لیے تحائف میں متبرک اشیاء کے ساتھ ساتھ سونے کے زیورات کی خریداری میں بھی بہت زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ حجاج خصوصاُ مدینہ منورہ مین سونے کی خریداری ترجیح دیتے ہیں۔ عرب نیوز کے مطابق مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں حرمین شریفین کے قریب سونے کی کئی دکانوں کے ساتھ ساتھ جدہ میں سونے کی دکانیں بھی نت نئے ڈیزائن کے نکلس، انگوٹھیاں، کنگن، چوڑیاں اور بالیوں کے علاوہ منفرد نوعیت کے زیورات سے سجی ہوئی ہیں۔

 

 

 

زیورات کی دکانوں کی مخصوص، منفرد اور چمکتی ہوئی سجاوٹ حاجیوں کو قیمتی دھات کی خریداری کے لیے اپنی جانب راغب کر رہی ہے۔انڈیا سے آئے ہوئے حاجی محمد نعمان جو سونا خریدنے کے لیے مکہ سے جدہ آئے ہیں انہوں نے بتایا کہ یہاں کے بنے ہوئے زیورات کے ڈیزائن منفرد ہیں اور ان زیورات میں استعمال کیا گیا سونا بالکل خالص ہے جو عام طور پر ہمیں کہیں اور نہیں ملتا اور قیمت بھی مناسب لگتی ہے۔جدہ میں سونے کا کاروبار کرنے والے حفیظ خان کا کہنا ہے کہ سونے سے بنے زیورات خریدنا حجاج کی منفرد روایت ہے اور یہی وجہ ہے کہ سونے کی قیمتوں میں حالیہ تبدیلیوں نے ان کے کاروبار کو زیادہ متاثر نہیں کیا۔

 

 

 

سونے کے تاجر نے بتایا کہ زیادہ تر ایشیائی حاجیوں کے لیے سونا خریدنا سرمایہ کاری کے طور پر سمجھا جاتا ہے، ہمارے پاس معیاری زیورات ہیں اور امید ہے کہ اس سال زیورات کی فروخت میں اضافہ ہو گا۔تاجروں کے مطابق 21 قیراط سونے کا فی گرام 216 ریال اور 22 قیراط سونے کے نرخ 227 ریال فی گرام ہیں اور زیادہ امکان ہے کہ حج موسم کے دوران نرخ تقریبا یہی رہیں گے۔علاوہ ازیں حجاج کے لیے دیگر مقبول تحائف کی خریداری میں خشک میوہ جات، مٹھائیاں، مختلف نوعیت کے کھلونے، جائے نماز اور تسبیحات کے علاوہ کئی اقسام کی کھجوریں اور آب زم زم کے آرائشی سیٹس وغیرہ شامل ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button