جنرل نیوز

سی آئی او کی شجرکاری مہم کی اختتامی تقریب

صاف ستھرا اور صحت مند مستقبل ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری، زیادہ سے زیادہ شجر کاری کے زریعہ ملک کو سرسبز بنائیں

 

*ناظم شہر ڈاکٹر محمد مبشر احمداور مہمانِ خصوصی ڈاکٹر سرسوتی کاوُلا کا سی آئی او کی شجرکاری مہم کی اختتامی تقریب سے خطاب*

 

چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن (CIO) حیدرآباد کی جانب سے’مٹی میں ہاتھ، دل وطن کے ساتھ* کے سلسلے میں ملک گیر مہ شجر کاری مہم کا اختتامی اجلاس بروز اتوار، اسلامک سنٹر لکڑ کوٹ، حیدرآباد میں نہایت کامیابی اور شاندار انداز میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت ڈاکٹر محمد مبشر احمد، ناظم شہر جماعت اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد نے کی۔

 

اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور اس کا اردو و انگریزی ترجمہ پیش کرنے سے ہوا۔ اس کے بعد پرچم کشائی عمل میں آئی اور حمد باری تعالیٰ پیش کی گئی۔ پروگرام کے دوران CIO کا تعارف اور تنظیمی ترانہ بچوں کے گروپ نے پیش کیا جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا۔ اسی طرح مہم کا ترانہ اور ایک پُر اثر،خاموش تمثیل (Mime Act)بھی بچوں نے پیش کی جس پر سامعین نے زبردست داد دی

 

۔اس موقع پر مہم کی تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ حیدرآباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں ہزاروں بچوں، نوجوانوں اور رضاکاروں نے پودے لگا کر ماحولیات کے تحفظ کا شعور عام کیا۔پروگرام کی خاص بات مہمانِ خصوصی ڈاکٹر سرسوتی کاوُلا(رکن AIMs) کا خطاب رہا۔

 

انہوں نے CIO کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں میں فطرت اور ماحولیات سے محبت بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر ہم سب مل کر پودے لگانے اور ان کی حفاظت کی طرف توجہ دیں تو آنے والی نسلوں کے لیے ایک بہتر اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکتا ہے۔اس موقع پر ناظم شہر ڈاکٹر محمد مبشر احمد نے خطاب کرتے ہوئے بچوں کی تنظیم(سی آئی او) کی سرگرمیوں کو مؤثر قرار دیا اور کہا کہ بچوں کے ساتھ ساتھ والدین اور خصوصاًماؤں نے بھی اس مہم میں شامل ہونا خوش آئندہے

 

۔ڈاکٹر محمد مبشر احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ صاف ستھرا اور صحت مند مستقبل ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر ہم سب مل کر محنت کریں تو اپنی آئندہ نسلوں کو ایسا ماحول دے سکتے ہیں جہاں وہ کھلے آسمان کے نیچے کھیل سکیں اور صحت مند فضاء میں پروان چڑھ سکیں۔پروگرام کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں اور مقابلوں کے فاتحین اور والینٹرز کو ناظم شہرڈاکٹر محمد مبشر احمدنے اپنے ہاتھوں سے انعامات پیش کئے۔ بعد ازاں شکریہ کے کلمات ادا کیے گئے اور دعا پر پروگرام اختتام پذیر ہوا

 

۔واضح رہے کہ اس مہم کے تحت شرکاکو ماحولیات کی حفاظت کا پیغام دیا گیا۔ CIO کے ذمہ داران نے کہا کہ یہ مہم مستقبل میں بھی جاری رہے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ملک کو سرسبز بنایا جائے۔بچوں نے واضح کیا کہ ہریالی میں اضافہ نہ صرف آکسیجن کی سطح کو بڑھاتا ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے صحت مند ماحول کی ضمانت بھی ہے۔اس مہم کے تحت شہر بھر کے مختلف مقامات پر بچوں اور والینٹرز کی نگرانی میں دو ہزار سے زائدپودے لگائے گئے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button