قد صرف 3 فٹ — مگر حوصلہ آسمان سے اونچا – گجرات کے ڈاکٹر گنیش برائیا کی کامیابی میں نظر آنے والا مضبوط عزم

قد صرف 3 فٹ — مگر حوصلہ آسمان سے اونچا! گجرات کے ڈاکٹر گنیش برائیا کی کامیابی میں نظر آنے والا مضبوط عزم
گجرات کے ضلع بھاونگر کے گاؤں گوروخی سے تعلق رکھنے والے گنیش برائیا کی جسامت صرف تین فٹ ہے، مگر ان کے خوابوں کی بلندی کسی پیمانے سے ناپی نہیں جاسکتی۔ 2004 میں گروتھ ہارمون کی کمی کے باعث جسمانی پسماندگی کے ساتھ پیدا ہونے والے گنیش کے بارے میں معاشرے کا نظریہ تھا کہ ایسے افراد کو زندگی میں زیادہ مواقع نہیں ملتے،
مگر گنیش نے اپنی جدوجہد سے اس سوچ کو غلط ثابت کردیا۔ "قد نہیں… عزم انسان کو بلند مقام تک پہنچاتا ہے” یہ سچائی انہوں نے اپنے سفر سے دنیا کو دکھا دی۔ بچپن سے ہی ڈاکٹر بننے کی خواہش دل میں بسالی، مگر کم قد کی وجہ سے میڈیکل کالج میں داخلہ سے لے کر رجسٹریشن تک کئی رکاوٹیں سامنے آئیں۔ لیکن گنیش نے ہار نہیں مانی اور قومی سطح پر قانونی جنگ لڑی، آخرکار عدالت کے فیصلے نے انہیں انصاف دلایا
۔ وقت ضائع کیے بغیر دن رات محنت کرکے میڈیکل کی ڈگری حاصل کی اور آج وہ سرکاری میڈیکل آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اپنی جسمانی کمزوری کو طاقت بنا لینے والے گنیش کی کہانی معاشرے میں نئی امیدیں جگا رہی ہے۔ ’’موقع نہ ملے تو موقع پیدا کرو‘‘ — ان کی زندگی دنیا کو یہی پیغام دے رہی ہے۔
آج وہی معاشرہ جو کبھی ان کے قد کا مذاق اڑاتا تھا، اب ان کی کامیابی پر فخر کر رہا ہے۔ چھوٹے جسم میں عظیم حوصلہ — ڈاکٹر گنیش برائیا!



