ایک دولہا اور دو دلہنیں۔ کرناٹک میں عجیب و غریب شادی

ایک دولہا اور دو دلہنیں۔ کرناٹک میں عجیب و غریب شادی
بنگلور۔ آپ نے آج تک کئی شادیاں دیکھی ہوں گی لیکن حال ہی میں کرناٹک سے سامنے آئی ایک ایسی شادی کی تصویریں سوشل میڈیا پر دھوم مچا رہی ہیں جسے دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔منظر کچھ یوں ہے کہ منڈپ ایک ہے دولہا بھی ایک لیکن دلہنیں دو ہیں! جیسے ہی یہ تصویریں وائرل ہوئیں لوگوں کے ہوش اُڑ گئے کہ آخر ایک ہی منڈپ میں ایک دولہا دو دلہنوں سے شادی کیسے کر سکتا ہے
یہ حیران کن واقعہ کرناٹک کے ضلع چتر درگا کے ہیرپیٹ علاقے کا ہے جہاں 16 اکتوبر کو ایک شاندار شادی کا اہتمام کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق وسیم شیخ نامی نوجوان نے دو خواتین سے بیک وقت شادی کی۔ بتایا جا رہا ہے کہ دونوں لڑکیاں اس کی بچپن کی دوست تھیں ایک کا نام شفا شیخ اور دوسری کا جنت ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ تینوں نے باہمی رضامندی سے شادی کی اور تقریب نہایت خوشگوار ماحول میں انجام پائی جس میں دونوں دلہنوں اور دولہے کے خاندانوں نے بھی شرکت کی۔تصویروں میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں دلہنیں ایک جیسے لباس میں تھیں جب کہ دولہا سوٹ پہنے نظر آ رہا ہے۔ تینوں کے درمیان گہری دوستی اور مضبوط تعلق صاف جھلک رہا ہے۔
فی الحال اس شادی نے سوشل میڈیا پر زبردست بحث چھیڑ دی ہے۔



