سرخ رنگ کا چاند آیندہ ماہ نظر آئے گا ” بلڈ مون "

حیدرآباد، (اسٹاف رپورٹر) : فلکیاتی ماہرین کے مطابق اگلے ماہ 7 تاریخ کو سال کا ایک اہم فلکیاتی منظر پیش آنے والا ہے۔ اس دن مکمل چاند گرہن ہوگا جو رات 8 بجکر 58 منٹ پر شروع ہو کر اگلی صبح 1 بجکر 25 منٹ تک جاری رہے گا۔ اس دوران چاند سرخی مائل رنگ اختیار کرلے گا جسے "بلڈ مون” کہا جاتا ہے۔
چاند سرخ کیوں ہوتا ہے؟
ماہرین فلکیات کے مطابق جب زمین، سورج اور چاند کے درمیان حائل ہوجاتی ہے تو زمین کا سایہ چاند پر پڑتا ہے۔ مکمل گرہن کے وقت سورج کی روشنی براہ راست چاند تک نہیں پہنچ پاتی، صرف زمین کے ماحول سے گزرنے والی روشنی ہی چاند پر پڑتی ہے۔ فضا میں موجود ذرات نیلی روشنی کو جذب کرلیتے ہیں اور سرخ شعاعیں چاند تک پہنچتی ہیں، اسی لیے چاند سرخ رنگ کا دکھائی دیتا ہے جسے "بلڈ مون” کہا جاتا ہے۔
کہاں کہاں نظر آئے گا؟
ہندوستان میں دہلی، ممبئی، کولکاتہ، پونے، لکھنؤ، حیدرآباد اور چندی گڑھ کے شہری اس نایاب منظر کو براہِ راست دیکھ سکیں گے۔ دنیا کے دیگر حصوں میں، خصوصاً آسٹریلیا، امریکہ اور نیوزی لینڈ میں یہ گرہن نہایت صاف اور واضح طور پر نظر آئے گا۔
عوام کے لیے دلچسپ موقع
ماہرین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس نادر فلکیاتی مظہر کو محفوظ طریقے سے دیکھنے کے لیے ٹیلی اسکوپ یا فلٹر والے چشموں کا استعمال کریں۔ یہ موقع فلکیات کے شوقین افراد کے لیے نہایت اہم سمجھا جا رہا ہے کیونکہ "بلڈ مون” کا نظارہ روز مرہ میں ممکن نہیں ہوتا۔