تفریح کے لئے جانے والے چار نوجوان پانی میں غرق _ تلنگانہ کے وقارآباد ضلع میں افسوسناک واقعہ

حیدرآباد _ 16 جنوری ( اردولیکس) تلنگانہ کے وقارآباد ضلع کے کوٹ پلی پراجکٹ میں تفریح کے لئے جانے والے 4 نوجوان غرق ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق وقارآباد ضلع کے پوڈور منڈل کے منے گوڈا گاؤں سے تعلق رکھنے والے چار نوجوان جو آپس میں رشتہ دار بتائے گئے ہیں نے تفریح کے لئے کوٹ پلی پراجکٹ گئے تھے۔ پراجکٹ میں کشتی رانی کے بعد ان نوجوانوں نے تیراکی کی اس دوران دو نوجوان جو تیراکی سے واقف نہیں تھے پانی میں ڈوب رہے تھے باقی دو نوجوان انہیں بچانے کی کوشش کی۔ اس دوران چاروں پانی میں غرق ہو گئے۔ غرق ہو نے والوں کی شناخت لوکیش (30)، وینکٹیش (25)، جگدیش (25) اور راجیش (24) کے طور پر کی گئی ہے۔
حادثہ کا علم ہونے پر متوفی کے لواحقین اور رشتہ دار مقام حادثہ پر پہنچ گئے۔ اطلاع ملنے پر دھرور پولیس نے موقع پر پہنچ کر غوطہ خوروں کی مدد سے نعشوں کو پانی سے نکال لیا ۔ جس کے بعد نعشوں کو وقارآباد کے سرکاری مردہ خانہ میں منتقل کر دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مرنے والا وینکٹیش ایم بی اے کی تعلیم حاصل کررہاتھا، وہیں راجیش پرائیویٹ خانگی ملازم تھا ۔ باقی دو نوجوان زرعی کام کرتے تھے
بی سی کمیشن کے رکن شوبھاپراد پٹیل نے حادثہ کی اطلاع کے بعد ہاسپٹل کے مردہ خانہ پہنچ کر نعشوں کا دیدار کیا اور غمزدہ خاندان کو پرسہ دیا۔