حیدراباد میں برقی تار سڑکہ پر گرنے سے باپ بیٹی کرنٹ شاک لگ کر ہلاک ؛ ماں شدید زخمی
حیدراباد : حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ الوال پولیس اسٹیشن حدود کے ٹیلیکام کالونی میں ہفتہ کے روز ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جس میں کرنٹ شاک لگنے سے باپ اور بیٹی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے
، جبکہ بچانے کی کوشش کرنے والی ماں بھی شدید زخمی ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کی رات ہونے والی شدید بارش کے باعث گھر کے باہر کھڑی کار پر درخت کی شاخیں گر گئیں۔ ان شاخوں کو ہٹانے کے دوران قریب ہی موجود برقی تاروں سے رابطہ ہونے پر اچانک برقی کا شدید جھٹکا لگا،
جس کے نتیجے میں 44 سالہ سندیپ اور ان کی بیٹی 16سالہ ریتیکا موقع پر ہی دم توڑ گئے۔عینی شاہدین کے مطابق جب ریتیکا کار پر گری ہوئی شاخیں ہٹا رہی تھی تو وہ قریبی برقی تاروں کے رابطے میں آ گئیں، جس سے کرنٹ پھیل گیا۔
بیٹی کو بچانے کے لئے جب والد سندیپ آگے بڑھے تو وہ بھی شدید کرنٹ کی زد میں آ گئے اور دونوں کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔اسی دوران مدد کے لیے پہنچنے والی سندیپ کی اہلیہ 40سالہ شویتا بھی کرنٹ لگنے سے شدید زخمی ہوگئیں۔ انہیں فوری طور پر قریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت تشویشناک بتائی ہے
۔اطلاع ملنے پر الوال پولیس موقع پر پہنچی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ پولیس نے دونوں نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہاسپٹل منتقل کر دیا ہے اور مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔



