انٹر نیشنل

وزیرخارجہ ہند کی سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ۔ہندوستان کے دورہ کی دعوت

ریاض ۔ کے این واصف

 

وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے آج سعودی عرب کا اپنا پہلا سرکاری دورہ ختم کیا۔ وہ 10 ستمبر 2022 کو ریاض پہنچے تھے۔ مملکت میں اپنے قیام کے دوران انہوں نے جدہ میں 11 ستمبر کی شام سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ ہند نے وزیر آعظم نریندر مودی کا ایک خط ولی عہد شہزادہ کو پیش کیا جس میں 23 ستمبر کو سعودی عرب کے آنے والے قومی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کی گئی اور ولی عہد کو جلد از جلد ہندوستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔

قبل ازیں، 11 ستمبر کی دوپہر ڈاکٹر شنکر نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ، شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ریاض میں ملاقات کی اور ہندوستان-سعودی عرب دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں وزراء نے ہند-سعودی عرب اسٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل کے فریم ورک کے تحت سیاسی، سلامتی، سماجی اور ثقافتی تعاون (PSSC) کی کمیٹی کی افتتاحی میٹنگ کی مشترکہ صدارت کی۔ دونوں وزراء نے سیاسی، تجارت، توانائی، سرمایہ کاری، دفاع، سلامتی اور ثقافت سمیت تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات میں ہونے والی پیش رفت کا مثبت انداز میں جائزہ لیا۔انھون نے کثیر الجہتی تنظیموں بالخصوص G-20 میں دونوں ممالک کے درمیان زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ ہند نے خلیج تعاون کونسل (GCC) کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر نائف فلاح مبارک الحجرف نے 10 ستمبر کو ہندوستان-جی سی سی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ ہند اور GCC سکریٹری جنرل نے ہندوستان اور GCC کے درمیان مشاورت کے طریقہ کار پر ایک مفاہمت نامے پر بھی دستخط کئے۔ ایم او یو ہندوستان اور جی سی سی کے درمیان سالانہ بات چیت کو ادارہ جاتی بنانے اور تعاون کے مختلف شعبوں پر ورکنگ گروپس کے قیام کے لیے فراہم کرتا ہے۔ یہاں اپنے قیام کے دوران ڈاکٹر شنکر نے شہزادہ سعود الفیصل انسٹی ٹیوٹ میں ایک انٹرایکٹو سیشن میں سینئر سعودی حکام، ماہرین تعلیم اور مستقبل کے سعودی سفارت کاروں سے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button