جنرل نیوز

گورنمنٹ ہائی اسکول اسری کالونی اردو میڈیم نرمل میں قومی یوم سائنس کا انعقاد

نرمل: نرمل ،طلباء و طالبات مختلف تجربات،تحقیقات اور مشاہدات کے ذریعہ اپنے سائنسی رحجانات کو فروغ دیں اور اپنی اختراعی سونچ کو آشکار کریں۔ان خیالات کا اظہار جناب محمد عبدلروف انچارج ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی اسکول اسری کالونی اردو میڈیم نرمل نے کیا۔وہ اسکول میں منعقدہ قومی یوم سائنس تقریب سے مخاطب تھے۔

قبل ازیں ہیڈ ماسٹر اور اسٹاف کی جانب سے ڈاکٹر سی وی رمن کے پورٹریٹ پر پھول مالا پہناکر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔تقریب میں جناب محمد انور پاشا نمائندہ کونسلر نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔جناب محمد عبدلروف نے اپنے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ملک کے ممتاز اور نامور طبیعیات داں ڈاکٹر سی وی رمن کے پیش کردہ رامن اثر کے ضمن میں ہر سال قومی یوم سائنس مناکر انھیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔جناب انصار احمد ساحل اسکول اسسٹنٹ فزیکل سائنس نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کے مایہ ناز سائنسداں سی وی رمن نے نور کی فطرت و نوعیت پر اپنی تحقیقات کیں اور اسے رامن اثر کا نام دیا۔انکی اس شاندار کارکردگی اور نمایاں ٹھوس خدمات پر انھیں دنیا کا سب سے بڑا اعزاز "نوبل انعام” سے سرفراز کیا گیا۔مسڑ ساحل نے مزید کہا کہ طلباء و طالبات ہمارے ملک کے عظیم سائنسداں ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام، ہومی جے بھابھا اور وکرم سارا بھائی کی خدمات کو اپنے لئے مشعل راہ بنائیں۔اسکول میں قومی یوم سائنس کے ضمن میں جماعت شیشم تا نہم کے طلباء و طالبات کی مخفی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے اور ان میں سائنسی مزاج کو پروان چزھانے کیلئے تقریری، تحریری اور کوئز مقابلے منعقد کئے گئے۔جسمیں طلباء و طالبات نے بڑے جوش و خروش کیساتھ حصہ لیا۔

ان مقابلوں میں نمایاں مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو جناب محمد انور پاشا نمائندہ کونسلر و سماجی کارکن کے ہاتھوں انعامات عطا کئے گئے ۔اس تقریب میں مدرسہ کے اساتذہ کرام مسرز پی رام ریڈی،محترمہ ظہورا پروین، تسلیم بانو، ہیما بندو،وجئے لکشمی ،مہر تنویراور وجئے لکشمی موجود تھے۔انصار احمد ساحل نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button