جنرل نیوز

درگاہ حضرت سید شاہ محمد تقی سبز پوش قادریؒ نارائن پیٹ کے 4 روزہ سالانہ عرس تقاریب کا 5نومبر سے آغاز

نارائن پیٹ: 01 نومبر (اردو لیکس/صادق چاند) درگاہ حضرت سید شاہ محمد تقی سبز پوش قادریؒ نارائن پیٹ کے 4 روزہ سالانہ عرس تقاریب کا 05 نومبر کو جلوس پرچم قادریہ سے آغاز ہوگا۔ ان تقاریب میں ریاست تلنگانہ کے مختلف مقامات کے علاوہ پڑوسی ریاست کرناٹک’ آندھراپردیش’ مہاراشٹر اور گجرات’ ممبئی’ احمد آباد سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد بلالحاظ مذہب و ملت شرکت کرتے ہیں جنھیں تمام تر بنیادی سہولیات پہنچانے کیلئے سجادہ نشین و انتظامی کمیٹی کی زیر نگرانی انتظامات کئے جارہے ہیں۔

پروگرام کے مطابق 05 نومبر بروز ہفتہ کو بعد نماز عصر پٹیل ہاؤس روبرو جامع مسجد سے جلوس پرچم قادریہ سے عرس تقاریب کا آغاز ہوگا ۔ بروز اتوار 06 نومبر کو بعد نماز عشاء صندل کٹہ سے جلوس صندل برآمد ہوگا۔ جسمیں ہزاروں کی تعداد میں مریدین و معتقدین کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔ رسم صندل مالی سجادہ نشین درگاہ تقی باباؒ سید شاہ غیاث الدین قادری انجام دیں گے۔ بروز پیر 07 نومبر کو گیارہویں شریف ہو گی۔ اور بعد نماز عشاء احاطہ درگاہ شریف میں جلسہ فیضان اولیاء منعقد ہوگا۔ 08 نومبر بروز منگل کو بعد نماز فجر محفل زیارت منعقد ہوگی۔

اسی روز بعد نماز عشاء محفل سماع منعقد ہوگی جس میں خواجہ پارٹی (گلبرگہ شریف) اور اسرار نظامی قوال (حیدرآباد) نعتیہ و منقبتہ کلام سنائیں گے۔ عرس کے دوران تمام اجلاسوں کی نظامت حافظ چاند پاشاہ لکچرر انجام دیں گے۔ انتظامی کمیٹی کے ذمہ داران الحاج محمد نواز موسیٰ’ محمد رفیق چاند و دیگر ذمہ داران نے عوام الناس بالخصوص معتقدین سے شرکت کی گزارش کی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button