جنرل نیوز

جمعیت العلماء ہند ضلع نظام آباد کے زیر اہتمام حافظ لئیق خان کی صدارت میں تقریب عید ملاپ و تحفظ بنت حوا

مولانا غیاث احمد رشادی، مولانا جعفر پاشاہ عاقل حسامی، مفتی ذبیر احمد، مفتی محبوب خان و دیگر کا خطاب  

مسلمانوں کو قرآن و سنت پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ معاشرہ کو برائیوں سے محفوظ رکھنے کیلئے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری بخوبی انجام دیں 

جمعیت العلماء ہند ضلع نظام آباد کے زیر اہتمام حافظ لئیق خان کی صدارت میں تقریب عید ملاپ و تحفظ بنت حوا

مولانا غیاث احمد رشادی، مولانا جعفر پاشاہ عاقل حسامی، مفتی ذبیر احمد، مفتی محبوب خان و دیگر کا خطاب

نظام آباد: 6/ مئی (نیوز اینڈ ویوز میڈیا سرویس) مسلمانوں کو قرآن و سنت پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ معاشرہ کو برائیوں سے محفوظ رکھنے کیلئے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری بخوبی انجام دینا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار مہمان خصوصی مفسر قرآن حضرت مولانا غیاث احمد رشادی صاحب دامت برکاتہہ صدر صفاء بیت المال آل انڈیا حیدرآباد نے جمعیت العلماء ہند ضلع نظام آباد کے زیر اہتمام تقریب عید ملاپ و تحفظ بنت حوا کے عنوان پر لمرا گارڈن فنکشن ہال بودھن روڈ پر منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 

جلسہ کی صدارت حافظ محمد لئیق خان صدر جمعیت العلماء ضلع نظام آباد نے کی۔ مولانا غیاث احمد رشادی نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جو ارتداد کی خبریں وائرل کی جارہی ہے اس کے اعداد و شمار بتائے جارہے ہیں اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری طور پر اس کی تشہیر کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مسلم معاشرہ کی منفی خبروں کی تشہیر سے معاشرہ کو ناقابل نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

اس سے اجتناب کرنے کی ضرورت ہے۔ اکثر افراد بغیر کسی تصدیق کے سوشل میڈیا پر خبر وں کی تشہیر کیلئے اپنے لئے ایک اعزاز سمجھنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم معاشرہ کے سرمایہ دار افراد کو اپنے طور پر تعلیمی اداروں کے قیام میں پیشرفت کرنے کی ضرورت ہے جہاں پر دینی و عصری تعلیم کے موثر اقدامات کئے جانے چاہئے تاکہ معاشرہ کو مخلوط تعلیمی نظام سے محفوظ رکھا جاسکے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں سے خواہش کی کہ وہ علماء اکرام کی خدمات سے استفادہ کریں۔ مولانا رشادی نے کہا کہ علماء اکرام اپنی ذمہ داریوں کو صرف مساجد تک محدود نہ رکھیں بلکہ اپنے اطراف و اکناف میں رہنے والے خاندانوں کے اصلاح کے عمل میں حصہ لیں۔ انہوں نے نظام آباد میں واقع سلم بستیوں کا سروے کرتے ہوئے وہاں کی آبادیوں میں دینی مکاتب قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ان علاقوں کے عوام اسلام کے دین اسلام کے بنیادی احکامات سے واقف ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ مساجد کو مرکز عبادت کے ساتھ اس کو مرکز انسانیت بھی بنایا جائے۔ گھروں میں قرآن کی تلاوت کو ترجمہ کے ساتھ پڑھنے اور جمعہ کے جو خطبات ہوتے ہیں اپنی خواتین میں اس کا کچھ حصہ بیان کرنے کا اظہار کیا۔

 

مولانا رشادی نے کہا کہ مسلم معاشرہ میں شادی بیاہ کے موقع پر کئے جانے والے اصراف پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محنت سے کمائی گئی آمدنی کو شادی کے نام پر خرچ کیا جارہا ہے۔ اس سے اس اجتناب کیا جانا اشد ضروری ہے۔ معاشر ہ سے جہیز کی لعنت کو ختم کرنے ضرورت ہے۔بے شمار لڑکیاں اور ان کے سرپرست جہیز کی لعنت کی وجہ سے پریشان ہے اور اغیار اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دام فریب میں مسلم لڑکیوں کو اپنی جال میں پھنسارہے ہیں۔

 

مولانا رشادی نے نت نئے قادیانیت کے فتنے سے مسلمانوں کو باخبر رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔ قبل ازیں جعفر پاشاہ حسامی عاقل حسامی نے کہا کہ اپنی اولاد کی بہتر تربیت کریں اور ان کی زندگیوں میں دینی تعلیمات کو پروان چڑھائیں۔ انہوں نے سرپرستوں کو مشورہ دیا کہ وہ اعلیٰ تعلیم کے نام پر اپنی اولادوں بالخصوص اپنی لڑکیوں کو غیر مسلم علاقوں میں موجود تعلیمی اداروں میں داخلہ دلانے سے اجتناب کریں۔

 

اس جلسہ کو مفتی ذبیر احمد جنرل سکریٹری جمعیت العلماء تلنگانہ و آندھرا، مولانا مفتی لئیق خان، قاضی مفتی محبوب خان نے بھی مخاطب کیا۔ شہ نشین پر مولانا حیدر قاسمی، سید نجیب علی ایڈوکیٹ،ایم اے فہیم سابق صدر ضلع مجلس، ماجد صدیقی، محمد عبدالسلیم، میر ارشاد علی سمیر مجلسی کارپوریٹرس، سید ذکی الدین انچارج کارپوریٹر،محمد واجد صدر جمعیت اہلحدیث نظام آباد، محمد وجہہ اللہ جمعیت اہلحدیث، سید عرفان علی صدر ضلع اقلیتی ڈپارٹمنٹ کانگریس، عبود بن حمدان، محمد مصعیب، محمد مجاہد، محمد کیف علی کے علاوہ علمائے اکرام، حفاظ اکرام، مفتیان، جمعیت العلماء کے عہدیداران و معزز ین شہر کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔ حافظ محمد لئیق خان نے جلسہ کی کارروائی چلائی اور تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیں لمرا گارڈن فنکشن ہال میں معززین کیلئے ظہرانہ کا نظم کیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button