ایجوکیشن

حکومت طلبہ میں سائنسی مزاج پیدا کرنے کیلئے کوشاں۔ ڈان اسکول میں ڈسٹرکٹ سائنس آفیسر سی دھرمندر کا خطاب

حیدرآباد۔ 21 اگست (پریس نوٹ) مرکزی حکومت ملک بھر کے طلبہ میں سائنسی مزاج پیدا کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ دستور کے مطابق ہر شہری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ سائنسی مزاج پیدا کرنے کے لئے کام کرے اور توہم پرستی کو مسترد کرے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ میں سائنس ڈے کے موقع پر کیا۔

 

 

ڈسٹرکٹ سائنس آفیسر ضلع حیدرآباد سی دھرمیندر راو نے کہا ہے کہ طلبہ میں سائنسی مزاج پیدا کرنے کے لئے مرکزی حکومت انسپائر ایوارڈس عطا کرتی ہے جو خطیر نقد رقم پر مشتمل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایوارڈسائنس و ٹکنالوجی حکومت ہند کا ایک اہم پروگرام ہے۔ انسپائر ایوارڈس دینے کا مقصد 10سے 15سال کے بچوں یا چھٹویں تا دسویں جماعت میں زیرتعلیم طلبہ کی حوصلہ افزائی ہے۔

 

 

اس سلسلہ میں اسکولوں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ انہوں نے طلبہ سے خواہش کی کہ وہ ہر اسکول سے 5بہترین اختراعی سائنسی خیالات پیش کریں اور متعلقہ ویب سائٹ پر 31اگست تک اپ لوڈ کریں۔ پورے ملک سے سرکردہ ایک لاکھ اختراعی خیالات کو منتخب کیا جائے گا اور ہر آئیڈیا کے لئے فی کس 10ہزار روپئے دیئے جائیں گے۔ڈاکٹر آرسی بلوریا کنسلٹنٹ مائیکرو بیالوجسٹ اور انفکشن کنٹرول اسپیشلسٹ نے بھی اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طلبہ کو وبائی امراض سے تحفظ کے طریقے بتائے۔

 

 

ڈاکٹر بلوریا نے جن کا تعلق کشمیر سے ہے‘مشورہ دیا کہ اینٹی بائیوٹکس کا استعمال ڈاکٹرس کے مشورہ پر ہی کرنا چاہئے۔ انہوں نے طالبات کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ ڈائرکٹر ڈان گروپ آف اسوسی ایشن فضل الرحمن خرم نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور تہنیت پیش کی۔ ممتاز ماہر امراض جلد ڈاکٹر غلام عباس نے صدارت کی اور اسکول میں اختراعی اور عملی طریقہ تعلیم پر مسرت کا اظہار کیا۔

 

 

دسویں جماعت کی طالبات نیہا اور افراء نے کارراوئی چلائی۔ ڈان اسکول کے طلبہ وطالبات نے روبوٹکس کا عملی مظاہرہ پیش کیا اور مہمانوں اور شرکاء کو متاثر کیا۔گوکل کالج کے ڈائرکٹر راجن چوہان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button