نیشنل

گجرات پل ٹوٹنے کا واقعہ مرنے والوں کی تعداد 9 تک پہنچ گئی

نئی دہلی: گجرات کے وڈودرا ضلع میں آج صبح ایک خستہ حال پل کے گرنے سے ایک بڑا حادثہ پیش آیا جس میں کم از کم 9 افراد کی موت ہو گئی اور 6 کو بچا لیا گیا۔ مہیساگر ندی پر واقع گمبھیرا پل جو اسٹیٹ ہائی وے کے کنارے ہے صبح تقریباً 7:30 بجے اچانک گر گیا جس کے نتیجے میں چار گاڑیاں جن میں دو ٹرک ایک ایکو وین ایک پک اپ وین اور ایک آٹو رکشہ شامل تھے ندی میں گرپڑے۔

 

پادرہ کے پولیس انسپکٹر وجے چرن نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن فوری طور پر شروع کر دیا گیا اور اب تک 6 افراد کو بچایا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا، "ہم نے چار افراد کو ندی سے نکالا ہے اور ریسکیو آپریشن اب بھی جاری ہے۔” وڈودرا کے ضلعی کلکٹر انیل دھمیلیہ نے بتایا کہ بچائے گئے پانچ افراد میں سے چار کو معمولی چوٹیں آئی ہیں جبکہ دو کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ زخمیوں کو مقامی ہاسپٹلس میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

 

گجرات کے وزیر داخلہ ہرش سنگھوی نے کہا کہ 9 نعشیں برآمد کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ نے فوری طور پر ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کو جائے وقوع پر بھیجا اور جلد سے جلد رپورٹ طلب کی ہے۔ انہوں نے کہا، "وزیراعلیٰ نے اس واقعے کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہوئے روڈ اینڈ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر ٹیموں کو ٹھوس اقدامات کی ہدایت دی ہے۔”

 

 

۔ وزیر اعظم مودی نے اس واقعہ پر گہرے رنج کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے مہلوکین کے ورثاء کو پرائم منسٹر ریلیف فنڈ سے 2 لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان کیا۔ زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے کے معاوضے کا اعلان کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button