تلنگانہ

ایرپورٹ پر ایک مسافر کے ساتھ 4 سے زیادہ افراد نہ آئیں _ شمش آباد کے ڈی سی پی نارائن ریڈی کا مشورہ

حیدرآباد _ 13 اگست ( اردولیکس) حیدرآباد کے شمش آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ گزشتہ چند دنوں سے مسافروں اور ان کے رشتہ داروں سے کھچا کھچ بھر رہا ہے۔ ملک اور بیرون ملک جانے والے مسافروں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ مسافروں کے ساتھ انھیں چھوڑنے آنے والے افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

 

سینکڑوں لوگ بیرون ممالک تعلیم کے لئے جانے والے طلباء کو الوداع کرنے کے لئے ایئرپورٹ آتے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ ٹرمینلز کے قریب بڑھتی ہوئی ٹریفک کی بھیڑ کی وجہ سے کچھ مسافر وقت پر سوار نہیں ہو پا رہے ہیں۔ جس کے پیش نظر ایرپورٹ حکام نے کہا کہ صرف چار افراد ہی وداعی کرنے  کے لیے آنا چاہیے۔

 

شمش آباد کے ڈی سی پی نارائن ریڈی نے مشورہ دیا کہ بیرون ملک جانے والوں کے ساتھ خاندان کے افراد اور دوستوں کی بڑی تعداد کو ساتھ نہیں لینا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ ایک مسافر کو چھوڑنے تقریباً 10 سے 15 لوگ ایئرپورٹ  آرہے ہیں، جس سے سیکیورٹی کے مسائل کے ساتھ ساتھ پارکنگ کے مسائل بھی بڑھ رہے ہیں۔

 

اس کے علاوہ 15 اگست کے پیش نظر ایئرپورٹ پر ہائی الرٹ کا اعلان کیا گیا۔ انٹلی جنس ایجنسیاں ہوائی اڈے کے احاطے میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو رونما ہونے سے روکنے کے لیے چوکسی سے کام کر رہی ہیں۔ سی آئی ایس ایف، خصوصی پولیس اور ریاستی پولیس خصوصی معائنہ کر رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button