جنرل نیوز

عیدگاہ حضرت اجالے شاہ ؒ سعیدآباد پر نماز عید الفطر سے قبل عظیم الشان اجتماع سے امیر حلقہ مولانا حامد محمد خان کا خطاب

عیدالفطر تکبیر مسلسل کا پیغام ، مسلمان آپسی کدورتوں کو دور کرکے ایک ہو جائیں

عیدگاہ حضرت اجالے شاہؒ سعید آباد پر عامتہ المسلمین کے کثیر مجموعہ نے نماز عید الفطر ادا کی اور نماز عید کے بعد ایک دوسرے کو گلے مل کر عید کی مبارکباد دی۔ نماز عید سے قبل اردو خطاب میں امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان نے خطاب کیا۔

 

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عید الفطر تکبیر مسلسل کا نام ہے اور مسلمان وہ قوم ہے جو خوشی و مسرت کے موقع پر بھی اللہ کی یاد سے غافل نہیں ہوتی بلکہ ہم ہر لمحہ اور ہر پل اللہ کی تسبیح و تکبیر بیان کرتے ہیں کیونکہ اللہ اور رسول ﷺ نے عید منانے کا یہی طریقہ ہمیں بتایا ہے۔مولانا نے کہا کہ ہم نے رمضان کے مہینہ میں ایک ماہ کی بہترین تربیت حاصل کی ہے اور اب عزم کریں کہ آئندہ گیارہ ماہ بھی اسی طرح زندگی گزاریں گے ۔امیر حلقہ نے کہا کہ مسلمان متحد و منظم ہوں ‘ عید کے موقع پر ہم جہاں ایکدوسرے سے گلے سے ملتے ہیں وہیں ہمارے دل بھی ایک ہوں اور ہم آپسی کدورتوں کو ختم کرکے ایک ہوجائیں

 

۔مولانا نے کہا کہ اللہ کے پیارے نبی ﷺ نے اس شخص کو جنت کی بشارت دی ہے جسکا دل ہر مسلمان کے لئے صاف ہو ۔ مولانا حامد محمد خان نے عامتہ المسلمین کو تلقین کی کہ وہ اپنی زندگیوں میں نظم و ضبط اور ڈسیپیلن پیدا کریں اور اسلامی احکامات کی پابندی کریں۔ مولانا حافظ و قاری محمد شرف الدین عمران نے نماز عید الفطر کی امامت کی۔حافظ و قاری عبد اللہ نے عربی خطبہ دیا اور مولانا حامد محمد خان نے دعا فرمائی۔نماز سے قبل حسب روایت جناب محمد عزیز الرحمن نے تلگو زبان میں تقریر کی اور عید کا پیغام دیا۔

 

نماز عید لفطر کے بعد مقامی رکن اسمبلی ملک پیٹ جناب احمد بن عبداللہ بلعلہ نے عوام کو عید کی مبارک باد دی۔ انتظامی کمیٹی مسجد و عیدگاہ حضرت اجالے شاہؒ سعید آباد کے اراکین و منتظمین اور امیر مقامی ملک پیٹ جناب سید محمد عبدالقادر ناصر نے بھی عامتہ المسلمین کو عید الفطر کی مبارک باد پیش کی۔ ایس آئی او اور جماعت اسلامی ہند ملک پیٹ یونٹ کی جانب سے مصلیان عیدگاہ کی شربت سے تواضع کی ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button