تلنگانہ

عادل آباد میں "کے سی آر کا تحفہ خواتین کے لئے بھروسہ”اسکیم کے تحت سلائی مشینوں کی تقسیم ۔ ریاستی مینارٹی فینانس کارپوریشن چیرمین امتیاز اسحاق و دیگر کی شرکت

عادل آباد۔27/ستمبر(اردو لیکس)شہر مستقر عادل آباد میں میناریٹی فینانس کارپوریشن تلنگانہ کے تحت "کے سی آر کا تحفہ خواتین کے لئے بھروسہ”اسکیم کے تحت 300 اقلیتی مسلم خواتین میں سلائی مشینوں کی بڑے پیمانے پر میناریٹی فینانس کارپوریشن تلنگانہ کے چیرمین امتیاز اسحاق کی سرپرستی و سابق وزیر و رکن اسمبلی عادل آباد جوگورامنا کی صدارت میں تقسیم عمل میں لائی گئی

۔اس سلسلہ میں شہر مستقر عادل آباد کے ایک خانگی فنکشن ہال میں ضلع اقلیتی بہبود عادل آباد کے تحت ایک پر اثر اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔سلائی مشین تقسیم تقریب میں میناریٹی فینانس کارپوریشن تلنگانہ کے چیرمین امتیاز اسحاق نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی،اس کے علاوہ مینارٹی کمیشن ممبر محمد اطہر اللہ،رکن اسمبلی جوگورامنا،ضلع اقلیتی بہبود آفیسر رمیش راتھوڑ،میونسپل وائس چیئرمین ظہیر رمضانی،ڈی سی سی بی بینک چیرمین اڈی بھوجا ریڈی،بی آر ایس پارٹی قائدین محمد یونس اکبانی،ظہور الدین،محمد‌اشرف،شیخ سلیم پاشاہ،محمد اعجاز احمد،ساجد الدین،سید شوکت،عتیق الرحمٰن،فیض اللہ خان،محمد ابوذر،ایوب خان کے علاوہ پارٹی قائدین و کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ اقلیتی بہبود دفتر عملہ غوث بابا،عبدالحسیب،محمد عبدالکلیم،عابد علی،عمران خان،محمد نور الدین،شام دناکر و دیگر نے انتظامات کو قطعیت دی،اجلاس کی کاروائی عابد علی نے چلائی

۔قبل اس کے چیرمین امتیاز اسحاق اور رکن اسمبلی کو تہنیت پیش کی گئی۔بعد ازاں مینارٹی فائنانس کارپوریشن تلنگانہ کے چیرمین امتیاز اسحاق نے اپنے کلیدی خطاب میں کانگریس پارٹی کو جم کر تنقید کا نشانہ بنایا۔امتیاز اسحاق نے دوٹوک الفاظ میں کہاکہ کانگریس پارٹی نے ہماری نسلوں کو برباد کرکے غربت میں ڈال دیا۔آج اسی غربت کو دور کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ انتہک جدوجہد کررہے ہیں۔امتیاز اسحاق کا کہنا تھا کہ کانگریس کی جانب سے ریاست تلنگانہ میں پھیلائی گئی 50 سال کی افلاسی کو دور کرنے کے لئے کم از کم 25 سال بی آر ایس پارٹی اقتدار میں ہونا چاہیے۔تب جاکر وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ کی قیادت میں ریاست تلنگانہ ترقی کی منازل طے کرے گا

 

۔انہوں نے مزید 15 سال تک کے سی آر کی ہی حکومت کو کامیاب بنانے کی پر زور اپیل کی۔امتیاز اسحاق نے ریاستی حکومت کی مختلف اسکیمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے اقلیتوں کی تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے اقلیتی اقامتی اسکولس کا ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر جال بچھا یا ہے۔ان اقلیتی اسکولوں میں سینکڑوں طلباء و طالبات علمی پیاس بجھارہے ہیں اور مستقبل میں آئی اے ایس اور آئی پی ایس آفیسرز اور اعلیٰ عہدوں پر فائز ہوں گے اور اپنے مستقبل کو تابناک بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ صرف شادی مبارک اسکیم کے لئے عادل آباد اسمبلی حلقہ میں رکن اسمبلی جوگورامنا کی قیادت میں ابتک 5 ہزار سے زائد خواتین نے استفادہ حاصل کیا ہے۔

 

اس کے علاوہ دیگر اسکیموں کا بھی انہوں نے تذکرہ کیا اور آنے والے انتخابات میں بھی وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ کو کامیاب بنانے اور عادل آباد میں رکن اسمبلی جوگورامنا کو پھر ایک بار بحیثیت رکن اسمبلی منتخب کرنے کا مشورہ دیا۔اور کہاکہ وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ نے ایک بھائی کی حیثیت سے مسلم خواتین میں سلائی مشینوں کی تقسیم کا سلسلہ شروع کیا ہے رکن اسمبلی جوگورامنا اور میناریٹی کمیشن ممبر محمد اطہر اللہ اور میونسپل وائس چیئرمین ظہیر رمضانی کی خصوصی کاوشوں سے عادل آباد کے لئے 300 سلائی مشینیں میناریٹی فینانس کارپوریشن کے تحت فراہم کی گئی ہے رکن اسمبلی کی نمائندگی پر مزید 100 مشینیں فراہم کرنے کا انہوں نے وعدہ کیا۔انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ آنے والے انتخابات میں بہت سے نام نہاد لیڈرس آئیں گے اور جھوٹے وعدے کرتے ہوئے ووٹ دینے کا مطالبہ کریں گے لیکن ان کے بہکاوے میں نہ آنے اور رکن اسمبلی جوگورامنا کو ہی پھر سے کامیاب بنانے پر زور دیا۔

 

انہوں نے رکن اسمبلی جوگورامنا کی عادل آباد اسمبلی حلقہ کے لئے کی گئی جدوجہد اور ترقیاتی کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے خوب ستائش کی۔اور کہاکہ ریاست تلنگانہ امن و امان کا گہوارہ ہے یہاں کا ہر باشندہ خوشحال زندگی بسر کررہا ہے۔ریاستی حکومت تمام طبقات کی فلاح و بہبود کے لئے پابند عہد ہے۔قبل اس کے رکن اسمبلی جوگورامنا نے بھی مخاطب کرتے ہوئے امتیاز اسحاق کا خیر مقدم کیا اور سلائی مشینوں کی تقسیم پر خواتین کو مبارکباد دی اور کہاکہ وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ نے مسلمانوں کی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے مختلف اسکیموں کو متعارف کروایا ہے۔وہیں اقلیتی اقامتی اسکولس کا قیام عمل میں لایا ہے۔جوگورامنا نے کہاکہ ریاستی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ریاست تلنگانہ میں امن چین و سکون قائم ہے اس کا سہرا وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ کے سر جاتا ہے۔انہوں نے اپوزیشن کے بہکاوے میں نہ آنے شہریان عادل آباد سے اپیل کی

 

۔اس موقع پر میناریٹی کمیشن ممبر محمد اطہر اللہ اور میونسپل وائس چیئرمین ظہیر رمضانی نے بھی مخاطب کیا۔اس کے علاوہ ضلع اقلیتی بہبود آفیسر رمیش راتھوڑ نے افتتاحی کلمات میں اجلاس کی تفصیلات سے واقف کروایا اور مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔شیخ سلیم پاشاہ،ساجد الدین و دیگر نے بھی مخاطب کیا۔بعد ازاں منظورہ استفادہ کنندہ گان میں سلائی مشینوں کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button