پانچ تا 7سال کے بچوں کے آدھار بایومیٹرک تفصیلات فوری اپڈیٹ کریں: مرکزی حکومت کی والدین کو ہدایت

نئی دہلی، 15 جولائی ( اردولیکس) مرکزی حکومت نے والدین کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے پانچ سے سات سال کی عمر کے بچوں کے آدھار کارڈ میں بایومیٹرک تفصیلات (فنگر پرنٹس اور آئرس اسکین) کو فوری طور پر اپڈیٹ کروائیں۔ اگر بچے سات سال کے ہو چکے ہیں تو اپڈیٹ کے لیے 100 روپے فیس ادا کرنی ہوگی، بصورت دیگر آدھار کارڈ غیر فعال ہونے کا امکان ہے۔
الیکٹرانکس و آئی ٹی وزارت کے مطابق، پانچ سال سے کم عمر بچوں کے آدھار کارڈ میں صرف نام، تاریخ پیدائش اور پتہ درج ہوتا ہے، کیونکہ اس عمر میں بایومیٹرکس مکمل طور پر ترقی نہیں پاتے۔
لیکن پانچ سال کے بعد پہلی مرتبہ فنگر پرنٹس اور آئرس اسکین لینا لازمی ہوتا ہے، جسے "فرسٹ مینڈیٹری بایومیٹرک اپڈیٹ (MBU)” کہا جاتا ہے، اور یہ بالکل مفت ہے۔
سات سال سے اوپر کی عمر میں اگر بایومیٹرک اپڈیٹ نہ کروایا جائے تو UIDAI کے مطابق آدھار کارڈ غیر فعال ہو سکتا ہے۔ اسی لیے اب والدین کو یاددہانی کے طور پر SMS بھی بھیجے جا رہے ہیں۔
حکومت نے کہا ہے کہ اسکول داخلوں، امتحانات میں رجسٹریشن سمیت مختلف سرکاری خدمات کے لیے آدھار ضروری ہو چکا ہے، اس لیے کسی قسم کی دشواری سے بچنے کے لیے والدین وقت پر آدھار تفصیلات اپڈیٹ کروا لیں۔



