قطب شاہی مسجد مراد نگر میں قرأت تربیتی پروگرام کے شرکاء میں اسناد اور اجازت نامہ کی تقسیم، یکم اگست سے دوسرے بیچ کا باقاعدہ اعلان

حیدرآباد:قطب شاہی مسجد (المعروف چھوٹی مسجد) مراد نگر، حیدرآباد میں 20 روزہ قرأت تربیتی پروگرام (مئی 2025) کی تکمیل کے بعد 19 جولائی کو ایک پروقار تقریبِ جلسہ تقسیم اسناد و شجرہ قرأت (سیدنا امام عاصم کوفیؒ)کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر قرأت تربیتی پروگرام کے اختتام کے بعد باضابطہ امتحان میں شرکت کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے والے 15 شرکاء کو سند شرکت، اجازت نامہ کے ساتھ خصوصی شجرہ قرأت عطا کیا گیا ۔
اس شجرہ قراءت کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے لے کر آج تک جنہوں نے بھی تجوید وقرأت کے فن کو سینہ بہ سینہ سیکھا ہے اس میں ان کا تذکرہ (نام) موجود ہے اور یہ سلسلہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس سے ہوتا ہوا اللہ رب العالمین تک پہنچتا ہے۔مسجد قطب شاہی کے صدر جناب محمد لطیف خان کے ہاتھوں قرأت پروگرام کے تمام کامیاب طلبہ اور شرکاء کو اسناد و شجرہ عطا کیا گیا۔
تقریب کا آغاز مشہورومعروف و بین الاقوامی قاری حافظ الہند محمد شعیب شرف الدین کی روح پرور تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اس کے بعد ممتاز بین الاقوامی شہرت یافتہ قاری اور مختصر مدتی قرأت کورس کے بانی و استاذ حافظ ڈاکٹر محمد نصیرالدین منشاوی (خطیب جامع مسجد عالیہ، گن فاؤنڈری) نے فن تجوید و قرأت کے موضوع پر فکری و روحانی خطاب کیا۔ ان کا خطاب "رسول اللہ ﷺ سے لے کر آج تک تجوید و قرأت کا فن ہم تک کیسے پہنچا؟” کے عنوان پر تھا جسے حاضرین نے نہایت ہی دلچسپی سے سنا اور بے حد متاثر ہوۓ ۔
اس موقع پر صدر مسجد قطب شاہی (چھوٹی مسجد) محمد لطیف خان نے مسجد میں عنقریب شروع ہونے والے قرأت کے بیس روزہ مختصر مدتی کورس کے دوسرے بیچ کا اعلان بھی کیا، جو یکم اگست 2025 سے شروع ہوگا۔ انہوں نے عوام الناس خاص طور پر حفاظ سے اپیل کی کہ وہ اس مختصر مدتی کورس میں شامل ہوکر تجوید و قرأت کے فن کو سیکھیں اور قرآن کے ذریعہ اللہ عزوجل سے اپنا رشتہ مضبوط کریں۔یہ بیس روزہ کورس روزانہ صبح 6:15 بجے سے 8:15 بجے تک قطب شاہی مسجد، مراد نگر میں منعقد ہوگا، جس میں حافظ قرآن حضرات کے علاوہ تجوید کے ساتھ ناظرہ جاننے والے بھی حصہ لےسکیں گے۔
اس پر رونق و با برکت تقریب میں معزز مہمانانِ گرامی، مسجد کمیٹی کے اراکین اور مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فن تجوید و قرأت کے اس مبارک کورس کو خوب سراہا ۔ شرکائے کورس نے ڈاکٹرحافظ قاری ڈاکٹر محمد نصیرالدین منشاوی جیسے مایہ نار استاد سے فن تجوید و قرأت کی تربیت کو اپنے لئے باعث فخر و سعادت قرار دیا۔
قطب شاہی مسجد (المعروف چھوٹی مسجد)، مراد نگر میں یکم اگست 2025 سے اس مختصر مدتی تجوید و قرأت تربیتی پروگرام میں شرکت کے خواہشمند حضرات فون نمبر
63006 75308
پر رابطہ پیدا کریں یا مسجد قطب شاہی مراد نگر کے موذن محمد غوث الدین صاحب سے ملاقات کرکے اپنا نام رجسٹر کروائیں۔