آیندہ سال مارچ تک ملک کو نکسل ازم سے مکمل طور پر پاک کر دیں گے۔ : تلنگانہ میں امیت شاہ کا اعلان

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ نکسلائٹس کو فوراً ہتھیار ڈال کر خودسپردگی اختیار کرنی چاہیے۔ وہ تلنگانہ کے نظام آباد میں نیشنل ہلدی بورڈ کے دفتر کا افتتاح کرنے کے بعد مقامی پولی ٹیکنک میدان میں منعقدہ کسانوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا،”پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے ذریعہ پاکستان نے ہمیں ڈرانے کی کوشش کی، مگر اس کے بعد بھارت کی طاقت کا اندازہ نہ صرف پاکستان کو بلکہ پوری دنیا کو ہو گیا۔ مودی جی کا مقصد صرف دہشت گردی کو ختم کرنا نہیں بلکہ ملک کے اندر پھیل رہے نکسل ازم کو بھی جڑ سے مٹانا ہے۔”
امیت شاہ نے عوام سے پوچھا:”آپ ہی بتائیں، کیا ہمیں نکسل ازم کو جڑ سے ختم نہیں کرنا چاہیے؟ ہم 30 مارچ 2026 تک ملک کو نکسل ازم سے مکمل طور پر پاک کر دیں گے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "نکسلائٹس کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر قتل و خون ریزی بند کر کے ہتھیار ڈال دیں اور قومی دھارے میں شامل ہو جائیں۔ اب تک دس ہزار سے زیادہ نکسلائٹس نے ہتھیار ڈال کر عام زندگی کو اپنا لیا ہے۔”