بی آر ایس کے ایک اور رکن اسمبلی کی ریونت ریڈی سے ملاقات۔ کانگریس میں شامل ہونے کی تیاریاں!

حیدرآباد۔ بی آر ایس کے ایک اور رکن اسمبلی کے کانگریس میں عنقریب شامل ہونے کی پیش قیاسیاں کی جا رہی ہیں۔ پٹن چیرو کے رکن اسمبلی جی مہی پال ریڈی نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ان کی قیام گاہ واقع جوبلی ہلز میں ملاقات کی
جس کے بعد قیاس آرائیوں کا بازار گرم ہو گیا، کیونکہ ایک کے بعد ایک کئی ارکان اسمبلی اور ایم ایل سیز کانگریس میں شامل ہو چکے ہیں۔ یہ کہا جا رہا ہے کہ مہی پال ریڈی بھی شاید ان ہی کے نقش قدم پر چلنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ وہ سال 2014 سے مسلسل تین مرتبہ بی آر ایس کے ٹکٹ سے کامیاب ہوتے آئے ہیں۔
قبل ازیں ریاست کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے بعض ارکان اسمبلی کانگریس میں شامل ہوئے تھے لیکن اس کے بعد حال ہی میں گریٹر حیدرآباد کے حدود میں واقع بعض حلقوں کے ایم ایل ایز نے بھی بی آر ایس کا دامن چھوڑ کر کانگریس کا دامن تھام لیا ہے۔اسی تناظر میں مہی پال ریڈی کے چیف منسٹر سے ملاقات کے بعد یہ ملاقات سیاسی طور پر موضوع بحث بن چکی ہے۔