تلنگانہ

30 اپریل کی ڈیڈ لائن قریب — اظہرالدین کی وزارت داؤ پر، ریونت ریڈی کی گورنر سے اہم ملاقات

تلنگانہ کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت کے تحت چیف منسٹر ریونت ریڈی نے راج بھون پہنچ کر گورنر شیوا پرتاپ شکلا سے تفصیلی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں گورنر کوٹہ کے تحت زیر التوا دو ایم ایل سی ناموں کی فوری منظوری کا معاملہ زیر بحث آیا۔

 

چیف منسٹر نے وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین اور معروف سماجی کارکن و ماہر تعلیم پروفیسر کودنڈارام کے ناموں کو منظوری دینے کی باضابطہ اپیل کی۔ ذرائع کے مطابق حکومت اس معاملے کو انتہائی اہمیت دے رہی ہے، خاص طور پر اس لیے کہ اظہرالدین اس وقت کسی بھی ایوان کے رکن نہ ہونے کے باوجود کابینہ میں شامل ہیں۔

 

آئینی اصولوں کے مطابق کسی بھی وزیر کو حلف لینے کے بعد چھ ماہ کے اندر اسمبلی یا کونسل کا رکن بننا لازمی ہوتا ہے۔ اظہرالدین کی یہ مدت 30 اپریل کو مکمل ہونے جا رہی ہے، اور اگر اس سے قبل انہیں ایم ایل سی نامزد نہیں کیا گیا تو انہیں اپنے عہدے سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے۔

 

اسی نازک صورتحال کے پیش نظر چیف منسٹر نے ذاتی طور پر گورنر سے ملاقات کر کے منظوری کے عمل کو تیز کرنے کی درخواست کی۔ اب سب کی نظریں گورنر کے فیصلے پر مرکوز ہیں، جو ریاستی سیاست میں اہم موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button